انڈین کے صفِ اول کے گلوکار اریجیت سنگھ نے پلے بیک سنگنگ سے علیحدگی کے اعلان نے نہ صرف مداحوں کو حیران کیا بلکہ سوشل میڈیا پر ان سے جڑی پرانی ویڈیوز، مبینہ بیانات اور ان کے کیریئر کے مختلف تنازعات بھی دوبارہ موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔
منگل کو اریجیت سنگھ نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے پلے بیک سنگنگ چھوڑنے کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں
-
پرسکون زندگی جینے کا قائل ہوں، ارجیت سنگھNode ID: 28636
-
جب کنسرٹ کے دوران اریجیت سنگھ ماہرہ خان کو پہچان نہ سکےNode ID: 854486
اپنی پوسٹ میں اریجیت سنگھ نے لکھا 'ہیلو، سب کو نیا سال مبارک ہو۔ میں آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے ان تمام برسوں میں بطور سامعین مجھے بے پناہ محبت دی۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اب میں پلے بیک گلوکار کے طور پر کوئی نئی اسائنمنٹ نہیں لے رہا۔ میں اس باب کو یہیں ختم کر رہا ہوں۔ یہ ایک شاندار سفر تھا۔‘

اس اعلان کے بعد شائقینِ موسیقی کی جانب سے غم، حیرت اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
'میں چھوڑ کر تو نہیں جائیں گے؟‘ اریجیت کی پرانی ویڈیو وائرل
این ڈی ٹی وی کے مطابق اریجیت سنگھ کے پلے بیک سنگنگ چھوڑنے کے اعلان کے فوراً بعد ان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ مداحوں کو چھوڑنے کے سوال پر گفتگو کرتے نظر آتے ہیں۔
یہ ویڈیو 2017 کی ہے، جسے انسٹینٹ بالی ووڈ نے شیئر کیا تھا۔
ویڈیو میں ایک رپورٹر اریجیت سنگھ سے سوال کرتا ہے 'ہمیں کبھی چھوڑ کر تو نہیں جائیں گے نا؟
اس پر اریجیت سنگھ مسکراتے ہوئے جواب دیتے ہیں ’کہاں؟'
رپورٹر دوبارہ سوال کرتا ہے 'کبھی کبھی آپ کہہ دیتے ہیں کہ میں چلا جاؤں گا، اسی لیے پوچھ رہا ہوں۔‘
اس پر اریجیت سنگھ کہتے ہیں’چلا جاؤں گا تو کہاں جاؤں گا؟ یہیں رہنا ہے۔‘
یہ ویڈیو اب ان کے حالیہ فیصلے کے تناظر میں مداحوں کے لیے جذباتی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔
پلے بیک میوزک چھوڑنے کی وجوہات: اریجیت کے مبینہ نجی ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے منسوب بیانات
این ڈی ٹی وی کے مطابق سوشل میڈیا پر کچھ سکرین شاٹس بھی وائرل ہو رہے ہیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ اریجیت سنگھ کے نجی ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ہیں، جن میں انہوں نے پلے بیک سنگنگ چھوڑنے کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔
ان مبینہ پوسٹس میں اریجیت سنگھ کی جانب سے کہا گیا’میرے اس فیصلے کے پیچھے ایک وجہ نہیں بلکہ کئی وجوہات ہیں، اور میں کافی عرصے سے یہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ آخرکار میں نے ہمت جمع کر لی۔ ایک وجہ بہت سادہ ہے، میں بہت جلد بور ہو جاتا ہوں، اسی لیے ایک ہی گانے کی ترتیب بدل بدل کر سٹیج پر پیش کرتا ہوں۔ سچ یہ ہے کہ میں بور ہو گیا تھا۔‘
ان مبینہ نجی پوسٹس میں بیان کی گئی وجوہات کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
اریجیت سنگھ کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ان کا اور شریا گھوشال کا گایا ہوا گانا ’ماتر بھومی‘ جو سلمان خان کی فلم 'بیٹل آف گلوان' کے لیے ریکارڈ کیا گیا تھا، چند روز قبل ہی ریلیز ہوا تھا۔
تنازعات اور سرخیاں: اریجیت سنگھ کا کیریئر ایک نظر میں
اریجیت سنگھ کا نام جہاں ان کی روح پرور آواز اور سپر ہٹ گانوں کے باعث جانا جاتا ہے، وہیں وہ مختلف تنازعات اور ذاتی واقعات کی وجہ سے بھی خبروں میں رہے ہیں۔
سلمان خان سے اختلاف
انڈیا ٹوڈے کے مطابق 2014 میں سٹار گلڈ ایوارڈز کے دوران، جس کی میزبانی سلمان خان کر رہے تھے، ایک واقعہ پیش آیا۔
تقریب میں اریجیت سنگھ سادہ لباس اور چپل میں نظر آئے۔ سلمان خان نے مذاقاً کہا ’تو ہی ونر ہے؟' اور نیند لینے کا تاثر دیا۔ اس پر اریجیت سنگھ نے جواب دیا 'آپ لوگوں نے سلا دیا۔‘
یہ جملہ سلمان خان کو ناگوار گزرا اور یہی واقعہ دونوں کے درمیان طویل اختلاف کی بنیاد بن گیا۔

بعد ازاں غیر مصدقہ رپورٹس سامنے آئیں کہ سلمان خان کی فلموں بجرنگی بھائی جان اور سلطان سے اریجیت سنگھ کے گانے نکال دیے گئے۔
اریجیت سنگھ نے 2016 میں فیس بک کے ذریعے عوامی معافی بھی مانگی۔
کیمرہ مین سے جھگڑا
انڈیا ٹوڈے کے مطابق 2013 میں مغربی بنگال کے شہر بہرام پور کی عدالت کے احاطے میں گھریلو کیس کی سماعت کے دوران اریجیت سنگھ پر ایک نیوز کیمرہ مین، اپوربا چودھری، پر ہیلمٹ سے حملے کا الزام لگا۔
بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ اریجیت سنگھ نے وضاحت کی کہ انہوں نے بار بار منع کرنے کے باوجود فلم بندی جاری رکھنے پر غصے میں آ کر کیمرے پر ہیلمٹ مارا، شخص کو نہیں۔
کمپوزر پر آواز حد سے زیادہ ری ٹیون کرنے کا الزام
سنہ 2016 میں اریجیت سنگھ نے فلم وجہ تم ہو کے کمپوزر ابھیجیت واگھانی پر الزام لگایا کہ انہوں نے گانے 'دل کے پاس میں' ان کی آواز حد سے زیادہ ری ٹیون کی۔
فیس بک پر کی گئی یہ پوسٹ بعد میں حذف کر دی گئی، تاہم اریجیت نے کہا تھا کہ وہ اپنی ہی آواز کو پہچان نہیں پا رہے تھے اور حتمی ریکارڈنگ پر انہیں شرمندگی محسوس ہوئی۔
کنسرٹ میں مائیکروفون پر غصہ
سنہ 2018 میں ایک کنسرٹ کے دوران اریجیت سنگھ کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ خراب مائیکروفون پر برہم نظر آئے۔

گانا 'نادان پرندے' گاتے ہوئے انہوں نے غصے میں کہا ’کوئی یہ مائیک ٹھیک کرو۔‘ عام طور پر پرسکون رہنے والے گلوکار کے اس ردعمل نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
سیکیورٹی گارڈ تنازع
اگست 2025 میں شانتی نیکیتن میں ویڈیو شوٹ کے دوران اریجیت سنگھ اور ان کے سیکیورٹی گارڈ کے خلاف سڑک بند کرنے اور مقامی رہائشی کمل کانت لاہا سے جھگڑے کی شکایت درج کی گئی۔
معاملہ پولیس سٹیشن میں گارڈ کی معذرت اور شکایت واپس لینے پر خوش اسلوبی سے حل ہو گیا۔
سلمان خان سے صلح، ریٹائرمنٹ سے کچھ ماہ قبل
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بگ باس 19 کے دوران ایک ویک اینڈ کا وار ایپی سوڈ میں کامیڈین روی گپتا کے مذاق پر سلمان خان نے اریجیت سنگھ کے ساتھ اپنے پرانے اختلاف پر کھل کر بات کی۔
#SalmanKhan : Arijit Singh and I are really good friends. That whole thing was just a misunderstanding. #ArijitSingh has even sung for me in Tiger 3 and in Battle of Galwan pic.twitter.com/fhsTW4WQO8
— Devil V!SHAL (@VishalRC007) January 28, 2026











