Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات میں عید الاضحی پر سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم

اماراتی صدر نے قیدیوں کے مالی جرمانے بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
 متحدہ عرب امارات کے صدر اور ریاستوں کے حکمرانوں نے عید الاضحی کے موقع پر اصلاحی اور تعزیری ادروں سے سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے 956 قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔
 وام کے مطابق انہوں نے قیدیوں کے مالی جرمانے بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے جو ان کی سزاوں کا حصہ تھے۔
 انسانی ہمدردی پر مبنی یہ اقدام اماراتی صدر کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد  سماجی استحکام، معاشرتی ہم آہنگی،قیدیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو نئی امید اور بہتر زندگی کا موقع فراہم کرنا ہے۔
علاوہ ازیں دبئی کے حکمران شیح محمد بن راشد المکتوم نے 836 قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا۔
سپریم کونسل کے رکن اور عجمان کے حکمراں شیخ حمید بن راشد النعیمی نے 230 ، شارجہ کے حکمراں شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے 227 قیدیوں کو رہا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سپریم کونسل کے رکن اور ام القوین کے حکمراں شیخ سعود بن راشد المعلا نے  جیل میں اچھے اخلاق اور رویے پر متعدد قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔
راس الخیمہ کے حکمراں شیخ سعود بن صقر القاسمی نے 443 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

 

شیئر: