عرب امارات میں عیدالاضحی پر سیکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم
قیدیوں پر عائد مالی جرمانے بھی ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں عیدالاضحی پر سیکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا گیا ہے۔
وام کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اصلاحی اداروں سے 963 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ قیدیوں پر عائد تمام مالی جرمانے بھی ادا کرنے کا اعلان کیا۔
یہ معافی اُن اقدامات کا تسلسل ہے جو اماراتی مختلف مذہبی اور قومی مواقع پر جاری کرتے ہیں، اس کا مقصد قیدیوں کو نئی زندگی کا آغاز کرنے اور معاشرے میں عفو و درگزر اور ہمدردی کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 985 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔
دبئی کے اٹارنی جنرل چانسلرعصام عیسی الحمیدان نے بیان میں کہا’ یہ فیصلہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دبئی کے حکمراں قیدیوں کے اہل خانہ کو خوشی فراہم کرنا چاہتے ہیں اور انہیں معاشرے میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے اور نئی زندگی شروع کرنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔‘
دبئی پبلک پراسیکیوشن نے دبئی پولیس کے تعاون سے رہائی کے لیے درکار قانونی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
عجمان کے حکمران شیخ حمید بن راشد النعیمی نے 225 ایسے قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا جنہوں نے دورانِ سزا اچھے رویے کا مظاہرہ کیا۔
عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی نے بتایا ’قیدیوں کی رہائی کے لیے ضروری قانونی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی جائیں گی۔‘
راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی نے 411 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے درکار قانونی کارروائیاں فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
