مکہ مکرمہ: عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری، داخلی راستوں پر سخت چیکنگ
مکہ مکرمہ: عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری، داخلی راستوں پر سخت چیکنگ
اتوار 24 مئی 2026 1:51
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، منیٰ
مشاعر مقدسہ میں حجاج کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
دنیا بھر سے آنے والےلاکھوں عازمینِ حج اس وقت مقدس دارالحکومت مکہ مکرمہ میں موجود ہیں، جبکہ مملکت کے مختلف شہروں سےعازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مشاعر مقدسہ میں حجاج کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ایامِ حج کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئیں، سالِ رواں بھی’لاحج بلا تصریح‘ (پرمٹ کے بغیر حج نہیں) کے سلوگن کے ساتھ حج آپریشن انتہائی منظم انداز میں جاری ہے۔
مکہ مکرمہ کے 6 مرکزی داخلی راستوں کی چیک پوسٹوں پر اضافی عملہ تعینات ہے، پرمٹ کے بغیر کسی کو شہر کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔
جدہ حرمین ٹرین سٹیشن پر سکیورٹی اہلکاروں کے یونٹس تعینات ہیں۔ پرمٹ کے بغیر کسی کو ٹرین میں سوار ہونے کی اجازت نہیں ہے، پرمٹ کی چیکنگ کے لیے اہلکاروں کو خصوصی ڈیوائسز فراہم کی گئی ہیں۔
پرمٹ کے چیکنگ کے لیے کیو آر کوڈ کو سکین کیا جاتا ہے جبکہ اقامہ نمبر یا فنگر پرمٹ کے ذریعے بھی پرمٹ کی تصدیق کی جاتی ہے۔
مکہ مکرمہ کے ٹرین سٹیشن پر باہر نکلنے کے گیٹس پر سکیورٹی اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں جو ہرشخص کا پرمٹ سکین کرنے کے بعد سٹیشن سے باہر نکلنے کی اجازت دیتے ہیں۔
سکیورٹی اہلکاروں ڈیجیٹل ڈیوائس سے پرمٹ سکین کرتے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
شہرِمقدس سے مشاعر مقدسہ (وادی منی، مزدلفہ اور میدان عرفات) کی جانب جانے والے راستوں کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، جہاں صرف وہ گاڑیاں ہی جاسکتی ہیں جن کے لیے پرمٹ حاصل کیے گئے ہیں۔
سکیورٹی اہلکار اپنی چیک پوسٹوں کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر موجود ہیں۔
مکہ مکرمہ میں داخلے کے تمام راستوں پر چیکس پوسٹیں قائم ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں لاکھوں عازمین فریضہ کی ادائیگی کے لیے حتمی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ شہر کے مرکزی علاقے کی مارکیٹیں 24 گھنٹے کھلی ہیں۔ لاکھوں عازمین کی آمد سے شہرِ مقدس کی رونقیں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
العزیزیہ کا وہ علاقہ جو مشاعرمقدسہ (وادی منی) سے متصل ہے وہاں مقیم عازمین قافلوں کی صورت میں وادی منی جاتے ہیں اور یادگاری تصاویر بنانے میں مصروف ہیں۔