Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ بہترین حج انتظامات پر شکر گزار‘ سعودی وزیر حج سے سردار یوسف کی ملاقات

حج 2027 کے انتظامات ایام حج کے فوری بعد شروع ہوں گے ( فوٹو: وزارت مذہبی امور)
 سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے اتوار کو پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی۔
ملاقات میں حج انتظامات، مشاعر مقدسہ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں اور پاکستانی عازمین حج  کےلیے خدمات کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیر حج و عمرہ حسن مناخرہ، سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ڈی جی حج عبد الوہاب سومرو اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
 سردار محمد یوسف نے اس موقع پر کہا کہ’ حکومت پاکستان، بہترین حج انتظامات پر سعودی حکومت کی تہہ دل سے شکر گزار ہے۔‘
’مشاعر مقدسہ میں حجاج  کےلیے جدید سہولتیں اور انتظامات قابل تحسین ہیں۔ سعودی حکومت ہر سال عازمین حج کی سہولت کےلیے مثالی اقدامات کر رہی ہے۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’بسوں کے ڈراپ پوائنٹس پر مختلف ملکوں کے حجاج کے لیے مزید بہتر سہولتیں اور مناسب گنجائش کی فراہمی آئندہ برسوں میں مزید یقینی بنائی جائے گی۔‘

اس موقع پر سعودی وزیر حج  نے کہا’حرم ٹرانسپورٹ نظام میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے۔ آئندہ برس حجاج کی تعداد کے مطابق ڈراپ پوائنٹس کی تقسیم کو مزید منظم بنایا جائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا ’مکہ مکرمہ کی رہائشی عمارتوں کو مطلوبہ معیار کے مطابق بنانے کےلیے اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں۔ حج 2027 کی تیاریوں کا آغاز ایام حج کے فوری بعد کر دیا جائے گا۔‘
سعودی وزیر حج و عمرہ نے پاکستان حج مشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ’ پاکستان حج مشن بروقت معاہدے مکمل کرنے پر مبارکباد کا مستحق ہے۔‘

 

شیئر: