’سعودی حکومت کے حج انتظامات لائق تحسین’ سردار یوسف نے پاکستان حج مشن کا دورہ کیا
اب تک ایک لاکھ 23 ہزار 684 پاکستانی عازمین مملکت پہنچ چکے (فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے عزیزیہ میں قائم پاکستان حج مشن کے دفتر کا دورہ کیا۔
ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو و دیگر اعلی افسران نے جاری حج انتظامات اور عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بریفنگ دی۔
ڈی جی حج نے بتایا ’تقریبا ایک لاکھ 19 ہزار سرکاری عازمین حج کی میزبانی کر رہے ہیں۔ مکہ مکرمہ کے علاقوں عزیزیہ، حئی نسیم اور بطحا قریش میں 273 رہائشی عمارتیں حاصل کی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا ’ازدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر نماز سے 30 منٹ پہلے سعودی شٹل سروس بند کی جاتی ہے۔‘
اس موقع پر سردار یوسف نے کہا کہ ’وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا ’ وزیراعظم کے وژن کے مطابق عازمین حج کی سہولت فراہم کی جائے اور آسائش کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔ عازمین حج کی میزبانی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ شکایات کے ازالے کے نظام میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔‘

پاکستان کے وزیر مذہبی امور نے سعودی حکومت کے انتظامات کی تعریف کی اور انہیں لائق تحسین قرار دیا۔
سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے اس موقع پر کہا کہ’ حج انتظامات کے پلاننگ فیز کو مزید مربوط کر رہے ہیں۔‘
علاوہ ازیں پاکستانی عازمین حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے، اب تک ایک لاکھ 23 ہزار 684 پاکستانی عازمین مملکت پہنچ چکے۔

اس سال پاکستان سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ سرکاری حج اسکیم کے تقریباً 81 فیصد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے۔
حج پروازوں کا سلسلہ 21 مئی تک جاری رہے گا۔ پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی ایئر لائنز حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سکھر سے حج پروازیں سعودی عرب پہنچ رہی ہیں۔
