Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دلیہ بیچ کر پیسے جمع کیے‘: 104 سالہ انڈونیشین رواں برس حج ادا کرنے والی معمر ترین حجن

انڈونیشن خٓتون فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والی سب سے معمر حاجی ہیں۔ ( فوٹو: عرب نیوز)
انڈونیشیا کے صوبہ مشرقی جاوا کے شہر کیدری کی رہائشی مباح مرسیہ اس سال فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والی سب سے معمر حاجی ہیں۔
104 سالہ معمر انڈونیشین خاتون رواں برس حج کرنے والے دو لاکھ 21 ہزار انڈونیشین عازمین میں شامل تھیں۔
مباح مرسیہ نے فریضۂ حج کا خواب پورا کرنے اور سعودی عرب آنے کے لیے کئی برس بچت کی اور پہلی مرتبہ 2021 میں حج کے لیے رجسٹریشن کروائی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق حج میڈیا سینٹر میں گفتگو کرتے ہوئے معمر خاتون نے کہا کہ ’میں دلیہ فروخت کرتی ہوں جس سے تھوڑی بہت بچت کرتی رہی۔ ایک ڈبے میں پیسے جمع کرتی تھی۔ اگر کوئی کمی بیشی ہوتی تو اسے میرا بیٹا پورا کر دیتا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’تھوڑی تھوڑی بچت کرتے ہوئے آخرکار اتنی رقم جمع کرلی کہ حج کے لیے رجسٹریشن کروا سکوں۔ پہلے فریضۂ حج ادا کرنے کی خواہش کے بارے میں کسی کو نہیں بتایا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ بھی کسی کو نہیں بتایا تھا کہ حج کے لیے بچت کر رہی ہوں۔ یہاں تک کہ اس بارے میں اپنے قریبی رشتہ داروں اور پڑوسیوں کو بھی نہیں۔ تاہم جب کافی حد تک بچت ہو گئی تو اپنے ارد گرد کے لوگوں کو اسے بارے میں بتانا شروع کیا۔‘
مباح مرسیہ جو یکم جولائی 1921 کو پیدا ہوئی تھیں۔ اب بھی چھڑی کے سہارے آہستہ آہستہ چل سکتی ہیں تاہم انہوں نے حج  کے دوران زیادہ تر ویل چیئر استعمال کی۔
وہ جمعہ 22 مئی کی صبح اپنی 67 سالہ بیٹی موئیدہ کے ہمراہ مکہ پہنچیں۔
انڈونیشین گروپ کے سربراہ نے حج کے دوسرے دن بتایا تھا کہ ‘مباح مرسیہ کی صحت اچھی ہے اور وہ حج کے تمام مناسک میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔‘

 

شیئر: