بہن کے ساتھ حج کرنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی، ملائیشین عازم حج
ملائیشیا سے آنے والی 61 سالہ عازم حج سالینا کا برسوں پرانا خواب پورا ہو گیا تاہم بہن کے ساتھ ان کی حج کرنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی۔
ملائیشیا کی خاتون اب اپنی بھانجی کے ساتھ فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب پہنچ گئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق مکہ روٹ انیشیٹیو کے تحت سعودی عرب پہنچنے والی سالینا نے کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بتایا کہ ’آج کا دن میرے لیے خوشی کا ہے۔ برسوں سے جس خواب کو ہم بہنوں نے ایک ساتھ دیکھا تھا آج وہ پورا ہونے جا رہا ہے۔‘
سالینا نے دکھ بھرے لہجے میں کہا کہ ’آج بہن میرے ساتھ نہیں، ہم دونوں نے مل کر حج کرنے کا ارادہ کیا تھا۔‘

ملائیشین خاتون نے مزید بتایا کہ ’مکہ روٹ انیشیٹیو کے تحت دونوں بہنوں نے حج کے لیے درخواست دی تھی جب جانے کا وقت آیا تو میری بہن انتقال کر گئیں۔ آج ارض مقدس جانے کی خوشی تو ہے مگر دل بہن کی یاد میں افسردہ بھی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بہن کی جگہ اپنی بھانجی کو سفر حج کے لیے تیار کیا اور ہم اس سفرِ مقدس پر روانہ ہو رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اپنی بہن کو کھونا میری زندگی کا مشکل ترین لمحہ تھا لیکن اپنی بھانجی کے ساتھ سفر میں قدرے ہمت ملی ہے، یہ احساس کہ میری بہن اس سفر میں ساتھ ہے۔‘
