Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جامع سکیورٹی، تنظیم اور خدمات: حج سیزن 2026 کی کامیابی کا اعلان

 اللہ کے مہمانوں نے آسانی اور سکون ساتھ مناسک ادا کیے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ کے نائب گورنر اور مرکزی حج و عمرہ کمیٹی کے نائب سربراہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے حج سیزن 2026 بمطابق 1447ھ کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق انہوں نے کہا ’حج سیزن کے دوران جامع سکیورٹی، تنظیم اور خدمات کا مشاہدہ کیا گیا، جس کے باعث اللہ کے مہمانوں نے آسانی اور سکون ساتھ مناسک ادا کیے۔
نائب گورنر مکہ نے گورنر مکہ اور مستقل حج و عمرہ کمیٹی کے سربراہ شہزادہ خالد بن فیصل، وزیر داخلہ و سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو کامیاب حج سیزن پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا ’یہ غیر معمولی کامیابی، اللہ کے فضل، اس کے بعد قیادت کی  لامحدود سپورٹ، دانشمندانہ رہنمائی، وسیع وسائل کے ساتھ منصوبہ بندی اور اس کے نفاذ کے تمام مراحل کی مسلسل نگرانی شامل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ’ حج سیزن ایک ایسی قوم کی تصویر پیش کی ہے جو خلوص اور لگن کے ساتھ حجاج کی خدمت کے لیے کام کر رہی ہے۔‘ 
نائب گورنر مکہ نے کہا’ اس سال حج سیزن کی کامیابی نے کراوڈ منجیمنٹ کے حوالے سے مملکت کی صلاحیت کی بھی تصدیق کی ہے۔‘
اس سے حجاج کو سلامتی، سکون اور دیکھ بھال کے ماحول میں مناسک ادا کرنے کا موقع ملا۔
شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز کا کہنا تھا’ حج سیزن کی کامیابی، کام کا اختتام نہیں بلکہ نئی ذمہ داریوں کا آغاز اور عزم کی تجدید ہے۔‘
انہوں نے دعا کہ کہ اللہ سعودی عرب کی سلامتی، وقار اور استحکام کو ہمیشہ قائم رکھے۔ اس کی قیادت کی حفاظت کرے اور حج سیزن میں شریک تمام کارکنوں کی کوششوں میں برکت دے۔

 

شیئر: