حج 2026: طواف الوداع کے بعد حجاج کی اپنے ملکوں کو واپسی کا آغاز
حج 2026 اختتام پذیر ہوگیا، حجاج نے مناسکِ سلامتی، اطمینان و سکون اور روحانی ماحول میں مکمل کیے۔
ایام تشریق کے تیسرے دن سنیچر کو تینوں جمرہ کی رمی (کنکریاں مارنے) کے بعد منیٰ میں باقی رہ جانے والے حجاج بھی غروب آفتاب سے قبل رخصت ہونا شروع ہوگئے۔
چند دنوں کے لیے لاکھوں فرزندانِ اسلام سے آباد ہونے والی عارضی خیمہ بستی آئندہ برس تک کے لیے غیرآباد ہو گئی۔
منیٰ سے حجاج طواف الوداع کے لیے مسجد الحرام مکہ مکرمہ پہنچے اور مناسک حج کی تکمیل کی۔ سعودی حکام نے طواف الوداع کے دوران حجاج کی سیفٹی اور ذہنی اطمیان کو یقینی بنانے کے لیے خدمات فراہم کیں۔
مناسک حج کی تکمیل کے بعد حجاج کی مکہ یا مدینہ منورہ سے مقررہ تاریخوں کو اپنے اپنے ملکوں کو روانگی کا آغاز ہو گیا۔
حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے حجاج کے لیے شیڈول مقرر ہے جس کا مقصد مناسکِ حج کی ادائیگی اور حجاج کی روانگی کے انتظامات کو بروقت مکمل کرنا ہے۔

تشریق کے تیسرے دن کی رمی کو منظم رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات دیکھنے میں آئے، جمرات کمپلیکس پر جگہ جگہ سکیورٹی اہلکاروں کے مختلف یونٹس متعین تھے جو جمرات پل پر حجاج کی آمد و رفت کو منظم کرنے میں مصروف تھے۔
یوم الترویہ ’8 ذوالجحہ‘ سے لے کر تشریق کے تیسرے دن تک مشاعر مقدسہ میں حجاج کی موومنٹ انتہائی منظم انداز میں جاری رہی۔
قبل ازیں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے عازمینِ حج کو منیٰ سے مشاعر مقدسہ ٹرین اور بسوں کے ذریعے مقررہ شیڈول کے مطابق منتقل کیا گیا۔

وقوفِ عرفہ کے بعد حجاج کی مزدلفہ آمد کے مراحل بھی انتہائی منظم انداز میں مکمل ہوئے، مزدلفہ میں رات گزارنے کے بعد حجاج نے منیٰ پہنچ کر رمی کی۔
17 لاکھ 7 ہزار 310 افراد نے فریضہ حج ادا کیا
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے مطابق حج 2026 میں حجاج کی کل تعداد 17 لاکھ 7 ہزار 310 (1.7 ملین) تک پہنچ گئی۔ یہ تعداد گزشہ برس سے 2.04 فیصد زیادہ ہے۔
بیرون مملکت سے 15 لاکھ 46 ہزار 655 حجاج مختلف راستوں سے سعودی عرب آئے جبکہ داخلی حجاج جن میں شہری اور رہائشی شامل ہیں، کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 646 رہی۔

بیرون مملکت سے آنے والوں میں فضائی راستے سے 14 لاکھ 85 ہزار 729، بری راستے سے 54 ہزار 429 جبکہ بحری راستے سے 6 ہزار 497 حجاج سعودی عرب پہنچے۔
بیرون مملکت سے 3 لاکھ 88 ہزار 700 حجاج نے مکہ روٹ انیشٹیو سے فائدہ اٹھایا۔
حج سیزن وبائی امراض سے پاک رہا
سعودی وزارت صحت نے بیان میں کہا گیا حج سیزن وبائی امراض یا صحت عامہ کے خطرات کے بغیر ختم ہوا اور حجاج کی صحت مستحکم رہی ہے۔
یہ اعلان حج سیزن کی تمام سطحوں پر مجموعی کامیابی کی سرکاری رپورٹس کے بعد کیا گیا ہے۔

سعودی ہیلتھ سیکٹر نے حج کے آغاز سے جمعرات تک حجاج کو 12 لاکھ 73 ہزار 380 سے زائد طبی خدمات فراہم کی ہیں۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت یہ مربوط کوششیں معیاری اور قابل رسائی دیکھ بھال کو یقینی بناتی ہیں تاکہ عازمین حج مناسک محفوظ اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔
حجاج کی روانگی کےلیے آپریشنل تیاری مکمل
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس حجاج کی واپسی کے لیے بری، فضائی اور بحری سرحدی گزرگاہوں پر آپریشنل تیاری مکمل کرلی۔

حجاج کی ہموار اور بروقت روانگی کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنل اور فیلڈ پلان پر عمل کیا جا رہا ہے، 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ نے تمام بین الاقوامی حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مقررہ سفری اوقات کی سختی سے پابندی کریں۔
