Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2026: عازمین کی آمد، منیٰ کی عارضی خیمہ بستی آباد ہونے لگی

وزارتِ صحت کی حجاج کو گرمی سے بچاو کی خصوصی ہدایات (فوٹو، اردونیوز)
حج 2026 کے مناسک کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ میں مقیم عازمین کو قافلوں کی صورت میں مرحلہ وار وادی منیٰ منتقل کرنے کا آغاز 8 ذی الحجہ کی شب سے کردیا گیا۔
 داخلی حجاج (مملکت کے شہری اور مقیم غیرملکی) طواف قدوم کے بعد یوم الترویہ کے لیے منیٰ روانہ ہوں گے۔
وزارتِ حج و عمرہ ، صحت ، شہری دفاع اور سیکیورٹی اداروں کے علاوہ اسکاوٹس اور فلاحی تنظیموں کے رضاکار بھی حجاج کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں ۔
حجاج کی منیٰ روانگی سے قبل حج گروپس کی انتظامیہ کی جانب سے حجاج کو یوم الترویہ کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کی گئی، اس حوالے سے گروپس نے مبلغین اور مذہبی شخصیات کا خصوصی اہتمام کیا ہے۔
وادی منیٰ جانے والے تمام راستوں پرسیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ جبکہ راستے میں جگہ جگہ ہلال الاحمر کے رضاکار یونٹس بھی موجود ہیں۔

منیٰ جانے والے راستوں پر سعودی ہلال الاحمر کے یونٹس موجود ہیں(فوٹو، اردو نیوز)

وزارت صحت کی جانب سے حجاج کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت نے مختلف زبانوں میں آگاہی ہنڈبلز بھی تقسیم کیے ہیں۔
صحت آگاہی کے حوالے سے وزارت کی جانب سے حجاج کو ہدایت کی جارہی ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے، طویل دورانیے تک کھلی دھوپ میں نہ رہیں، زیادہ طویل سفر پیدل نہ کریں، چھتری کا استعمال لازمی کیا جائے اور جسم میں پانی کی قلت نہ ہونے دیں۔
اہلیان مکہ مکرمہ کی جانب سے بھی منی جانے والے راستوں میں حجاج کو پانی کی بوتلیں تقسیم کرنے کی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے

شیئر: