کوالالمپور بک فیئر میں سعودی دستکاری اور ثقافتی ورثے کی پھر پور جھلک
نمائش کی جانے والی نمایاں دستکاریوں میں ’سدو کی بُنائی‘ شامل ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
کوالالمپور انٹرنیشنل بک فیئر میں قائم سعودی پویلین میں وزیٹرز کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے جس میں سعودی عرب مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہے۔
سعودی پویلین، مملکت کے متنوع خطوں کی نمائندگی کرنے والی روایتی دستکاریوں کے انتخاب کے ذریعے وزیٹرز کو ثقافتی ورثے کی بھر پور جھلک پیش کر رہا ہے۔
نمایاں دستکاریوں میں ’سدو کی بُنائی‘ شامل ہے، یہ ایک معروف بدوی ہنر ہے جو اپنے مخصوص ڈیزائن اور گہری ثقافتی شناخت کے لیے جانا جاتا ہے۔
اس سیکشن میں البشت حساوی کے لیے بھی ایک کارنر مختص ہے جو ایک روایتی سعودی لباس ہے۔ یہ نفیس کاریگری کے ساتھ عربوں کے شاہی انداز اور وقار کی علامت ہے۔
اس سیکشن میں’القط العسیری‘ کے فن کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے جس سے گھروں کی دیواروں کو سجایا جاتا ہے، یہ یونیسکو کی فہرست میں ایک آرٹ کے طور پر درج ہے۔

آرٹ کی صدیوں پرانی اس قسم کو شوخ رنگوں اور عسیر ریجن کے ورثے سے تعلق کی وجہ سے سراہا جاتا ہے۔
ہنر مندوں کی جانب سے لائیو مظاہرے جن میں مہندی آرٹ اور کھجور کے پتوں کی دستکاری شامل ہیں، وزیٹرز کو روایتی دستکاریوں کو قریب سے دیکھنے اور یہ جاننے کا موقع فراہم کرتے ہیں کہ یہ ہنر نسل در نسل کس طرح محفوظ رکھا گیا۔

سعودی دستکاری کو مملکت کی ثقافتی شاخت، مستند ورثے اور تنوع کے متحرک اظہار کے طور پر اجاگر کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ بک فیئر میں سعودی پویلین کا افتتاح جمعرات کو ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کیا تھا۔ بک فیئر کوالا لمپور کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں سات جون تک جاری رہے گا۔

سعودی وزارت ثقافت کے تحت لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن بک فیئر میں مملکت کی نمائندگی کی قیادت کر رہا ہے۔
سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں وژن 2030 کے تحت اپنی بین الاقوامی ثقافتی نمائندگی کو وسعت دی ہے جس کے تحت انٹرنیشنل بک فیئر، نمائشوں اور آرٹسٹک ایونٹس میں شرکت بڑھی ہے۔
