Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موتیوں کی تلاش اور ماہی گیری: جازان میں نسل در نسل منتقل ہونے والی سمندری میراث

مقامی آبادی کی زندگی ماہی گیری اور کشتی سازی سے وابستہ ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
جازان کا سمندری ورثہ مقامی ثقافتی شناخت کے اہم ترین عناصر میں شامل ہے جو بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں انسان اور سمندر کے مابین صدیوں پر محیط گہرے تعلق کا عکاس ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جازان ریجن میں مقامی آبادی کی زندگی ماہی گیری، کشتی سازی اور مچھلی کی تجارت سے وابستہ ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ سرگرمیاں ایک ایسے ثقافتی ورثے کی شکل اختیار کر گئی ہیں جو ساحلی زندگی اور اس سے وابستہ روایتی علوم و تجربات کی نمائندگی کرتا ہے۔
ماہی گیری، اس علاقے کے قدیم ترین پیشوں میں سے ایک ہے۔ جازان کے مقامی باشندے ہاتھ سے بنے ہوئے جالوں اور چھوٹی لکڑی کی کشتیوں جیسے سادہ و روایتی اشیا استعمال کرتے ہوئے روزانہ سمندر کا رخ کرتے ہیں تاکہ روزگار اور سمندری وسائل سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

جازان میں ماہی گیری آج بھی سمندری ورثے کی نمایاں علامت مانی جاتی ہے۔ جہاں مقامی سمندری پیداوار کی خرید و فروخت کی سرگرمیاں یومیہ بنیاد پر جاری رہتی ہیں۔
یہ مارکیٹ نہ صرف علاقے کی معاشی و سماجی زندگی میں سمندر کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ ساحلی معاشرے اور اس کے قدرتی ماحول کے درمیان مضبوط تعلق کی بھی عکاس ہیں۔
جزائر فرسان میں اس سمندری ورثے کی جھلک مزید نمایاں طور پر دکھائی دیتی ہے جو سمندر مقامی زندگی کا بنیادی محور رہا ہے یہاں غوطہ خوری، موتیوں کی تلاش اور ماہی گیری جیسے روایتی پیشے نسل در نسل سے جاری ہیں۔

لکڑی کی کشتیوں کی صنعت بھی سمندری ماحول سے ہی جڑی اہم روایتی دستکاریوں میں شامل ہے۔ مقامی ہنر مندوں نے موروثی اوزاروں اور طریقوں کے ذریعے کشتی سازی کے فن کو فروغ دیا اور اپنی مہارتیں نسل در نسل منتقل کیں۔
یہ موروثی ہنر آج بھی اس گہرے نیلگوں سمندری علم اور ساحلی ماحول سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت کا بھرپور ثبوت ہے جو علاقے کے باشندوں نے صدیوں میں حاصل کیا۔
سمندری ورثے کی جھلک مقامی پکوانوں میں بھی نمایاں طور پردکھائی دیتی ہے۔ مچھلی اور دیگر سمندری غذائیں متعدد روایتی پکوانوں کا بنیادی جزو ہیں جو سمندری وسائل کی فراوانی اور روزمرہ کی زندگی کے ساتھ ساتھ سمندر کے گہرے تعلق کی عکاسی کرتے ہیں۔

سمندری ورثے کے تحفظ پر توجہ قومی سطح پر جاری ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد غیر مادی ثقافتی ورثے کا تحفظ اور قومی شناخت کا فروغ ہے۔
یہ اقدامات اس تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنے، آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے اور جازان کی ثقافتی تاریخ اور اجتماعی یادداشت کے ایک لازمی جزو کے طور پر اس کی اہمیت کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔

 

شیئر: