Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے قومی مرکز نے کئی شکاری پرندے جنگل میں چھوڑ دیے

جنگل میں چھوڑے جانے والے پرندوں کی حرکات کی نگرانی کرے گا۔(فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی عرب میں جنگلی حیات کے قومی مرکز نے مملکت کے ’گرین انیشیٹیو‘ اور ’قومی ماحولیاتی سٹریٹیجی‘ کے تحت کئی شکاری پرندے جنگل میں چھوڑے ہیں۔
اس انشیٹیو کا مقصد معدومی کے خطرے سے دوچار شکاری پرندوں کو افزائشِ نسل کا موقع فراہم کرنا اور قلیل تعداد میں رہ جانے والے پرندوں کو نئے سرے سے متعارف کرانا ہے۔
جنگلی حیات کے قومی مرکز نے ’سودہ ڈیولپمنٹ کمپنی‘ کے تعاون سے ’السودہ پارک‘ میں شکاری پرندوں کو چھوڑا۔ ان پرندوں میں تین گریفون گدھ، ایک سیاہ رنگ کی چِیل، چھوٹے عریبیئن الُو اور ایک یوریشائی شِکرا بھی شامل ہے۔
پرندوں کو پہلے ماحول سے مانوس کرایا گیا تاکہ وہ آسانی کے ساتھ ماحول کے مطابق خود کو ڈھال سکیں۔

ان کے جنگل میں چھوڑے جانے کا مقصد ماحولیاتی توازن میں اضافہ کرنا، اور السودہ پارک میں نباتات اور حیوانات کی کثرت کی وجہ سے پیدا ہونے والے متنوع  ماحول کو بحال کرنا ہے۔
خیال رہے کہ السودہ پارک ماحولیاتی اعتبار سے سعودی عرب کے انتہائی نمایاں پہاڑی علاقوں میں واقع ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ شکاری پرندے، کھانے پینے کے سلسلوں کو باقاعدہ بنائیں گے اور مقامی پرندوں کے لیے پہاڑی علاقوں کے ماحولی نظام کو مستحکم کریں گے۔
جنگلی حیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے وہ جنگل میں چھوڑے جانے والے پرندوں کی حرکات اور رویوں کی نگرانی کرے گا۔‘
مرکز کے مطابق یہ انیشیٹو سعودی عرب میں کئی مقامات پر پہلے سے جاری پروگراموں میں سے ایک پروگرام کا حصہ ہے۔

 

شیئر: