Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسٹر بیسٹ سے طیارہ جیتنے والا پائلٹ منشیات کیس میں گرفتار، پھر رہائی کیسے ہوئی؟

رہائی کے بعد براؤن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پیغامات بھی شیئر کیے جن میں انہوں نے خود کو بے گناہ قرار دیا۔
دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کے منعقدہ کردہ مقابلے میں 24 لاکھ ڈالر مالیت کا نجی طیارہ جیتنے والے پائلٹ جباری سٹیفن براؤن، المعروف ’کیپٹن ٹریزی‘، کو پیراگوئے میں منشیات سمگلنگ کے ایک مقدمے میں مختصر وقت کے لیے حراست میں لیا گیا، تاہم تحقیقات کے بعد انہیں بے گناہ قرار دے کر رہا کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 سالہ جباری براؤن ان چار امریکی شہریوں میں شامل تھے جنہیں حکام نے ایک نجی طیارے سے 261.6 کلوگرام منشیات ’چرس‘ برآمد ہونے کے بعد گرفتار کیا تھا۔
تاہم بعد ازاں سرکاری تحقیقات میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ جباری براؤن کا منشیات کی کھیپ سے کوئی تعلق نہیں تھا اور انہیں رہا کر دیا گیا۔
پیراگوئے کے انسدادِ منشیات ادارے (سیناڈ) کے مطابق ضبط کی گئی منشیات ’چرس‘ میں ٹی ایچ سی کی مقدار زیادہ تھی اور برازیل کی غیرقانونی منڈی میں اس کی مالیت تقریباً 36 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔

 گرفتاری کیسے ہوئی؟

رپورٹس کے مطابق ایک نجی طیارہ میامی سے روانہ ہو کر پاناما میں مختصر قیام کے بعد جمعے کو پیراگوئے کے سلویو پیٹیروسی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا تھا۔
حکام نے طیارے کی تلاشی کے دوران 261.6 کلوگرام چرس برآمد کی جس کے بعد چار امریکی شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
جباری براؤن اس پرواز میں شریک پائلٹ (کو پائلٹ) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ تحقیقات کے دوران حکام نے ان سے پوچھ گچھ کی، تاہم پراسیکیوٹرز نے بعد میں اعلان کیا کہ ان کے خلاف کسی قسم کا ثبوت نہیں ملا۔
پیراگوئے کے انسدادِ منشیات کے وزیر جلیل رچرڈ کے مطابق سرکاری تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ براؤن کا منشیات کی ترسیل میں کوئی کردار نہیں تھا۔
دوسری جانب طیارے کے مرکزی پائلٹ، جن کی شناخت ایسٹونیا کے شہری کیتھ سیلاٹس کے نام سے کی گئی، منشیات کی برآمدگی سے قبل ہی کمرشل پرواز کے ذریعے ملک چھوڑ چکے تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔
اس مقدمے میں گرفتار دیگر افراد میں نیویارک سے تعلق رکھنے والی 39 سالہ میریسول ریواس، فلوریڈا کے 42 سالہ ٹرائے انتھونی واسکیز اور کیلیفورنیا کے 58 سالہ ڈیوڈ تھامس وائز شامل ہیں، جن پر بین الاقوامی منشیات سمگلنگ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
رہائی کے بعد جباری براؤن نے انسٹاگرام سٹوریز پر ایک بیان شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات انسان کو فوراً سمجھ نہیں آتا کہ اس کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، لیکن وقت کے ساتھ سب کچھ واضح ہو جاتا ہے۔

رہائی کے بعد براؤن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر متعدد ویڈیوز اور پیغامات بھی شیئر کیے جن میں انہوں نے خود کو بے گناہ قرار دیا۔(فوٹو: سیناڈ)

انہوں نے لکھا کہ جو لوگ انہیں جانتے ہیں وہ بخوبی واقف ہیں کہ وہ کیا کر سکتے ہیں اور کیا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو صرف اپنے مفادات کا سوچتے ہیں اور انہیں اس بات کی پروا نہیں ہوتی کہ ان کے اقدامات سے دوسرے لوگوں کی زندگیوں پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔
رہائی کے بعد براؤن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر متعدد ویڈیوز اور پیغامات بھی شیئر کیے جن میں انہوں نے خود کو بے گناہ قرار دیا۔

 مسٹر بیسٹ کے مقابلے سے شہرت کیسے ملی؟

جباری براؤن گزشتہ برس اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنے جب انہوں نے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کے نجی طیارہ جیتنے کے لیے ’100 پائلٹس کے مقابلے‘ میں کامیابی حاصل کی۔
فلمائے گئے اس مقابلے میں 100 پائلٹس نے مختلف ہوابازی سے متعلق چیلنجز میں حصہ لیا، جن میں طیارہ کھینچنا، طاقتور جیٹ انجنوں کے دھارے کا سامنا کرنا اور سکائی ڈائیونگ جیسے مقابلے شامل تھے۔

چیلنج میں جباری براؤن نے 19 گھنٹے سے زیادہ وقت تک ثابت قدم رہ کر کامیابی حاصل کی اور تقریباً 24 لاکھ ڈالر مالیت کا ’ہاکر 400 ایکس پی‘ نجی طیارہ جیت لیا۔۔(فوٹو: ویڈیو گریب)

مقابلے کے آخری مرحلے میں شرکا کو ریاض کی ایک شاہراہ پر کھڑے طیارے کو پکڑے رکھنا تھا۔ اس چیلنج میں جباری براؤن نے 19 گھنٹے سے زیادہ وقت تک ثابت قدم رہ کر کامیابی حاصل کی اور تقریباً 24 لاکھ ڈالر مالیت کا ’ہاکر 400 ایکس پی‘ نجی طیارہ جیت لیا۔
بعدازاں جباری براؤن نے انٹرویوز میں بتایا کہ جب انہیں مسٹر بیسٹ کی ٹیم کی جانب سے کال موصول ہوئی تو انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ مقابلے میں کیا ہونے والا ہے۔
ان کے مطابق انہیں صرف اتنا بتایا گیا تھا کہ انہیں بین الاقوامی سفر کرنا ہوگا اور یہ منصوبہ مسٹر بیسٹ سے متعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقابلہ جیتنے کے بعد انہیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ وہ ایک ہی لمحے میں کروڑ پتی بن گئے ہیں۔

شیئر: