Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ کے ساتھ ویڈیو شُوٹ کرنا چاہتا ہوں‘ ، مسٹر بیسٹ کی وراٹ کوہلی کو دعوت

مسٹر بیسٹ دنیا کے کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی ہیں (فوٹو: مسٹربیسٹ)
مشہور امریکی یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے انڈین کرکٹ سٹار وراٹ کوہلی کو ایک بار پھر کولیب (ویڈیو میں حصہ لینے) کے لیے دعوت دی ہے۔
’بیسٹ گیمز سیزن ٹو‘ کی لانچ سے قبل این ڈی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسٹر بیسٹ نے کہا کہ’وراٹ کوہلی، میں آپ کے ساتھ ویڈیو شوٹ کرنا چاہتا ہوں۔‘
اس موقعے پر انہوں نے انڈیا کو اپنے سب سے بڑے اور سب سے زیادہ پرجوش ناظرین کا مرکز قرار دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ جب جمی ڈونلڈسن عرف مسٹر بیسٹ نے وراٹ کوہلی کو کولیب کی دعوت دی ہو۔ گزشتہ برس سنہ 2025 میں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وراٹ کوہلی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’کیا کسی طرح میں آپ کو اپنی ویڈیو میں شامل کر سکتا ہوں؟‘
یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہو گئی تھی اور کرکٹ شائقین و یوٹیوب ناظرین میں خاصا جوش دیکھنے میں آیا تھا۔
اگرچہ تاحال دونوں کے درمیان کوئی کولیب نہیں ہو سکا تاہم مسٹر بیسٹ کی تازہ دعوت نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔
اپنے انڈین مداحوں کے لیے ایک خصوصی اعلان میں مسٹر بیسٹ نے یہ بھی تصدیق کی کہ معروف یوٹیوبر کیری مناٹی بیسٹ گیمز سیزن ٹو کا حصہ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کیری مناٹی واقعی سیزن ٹو میں شامل ہیں اور مجھے یقین ہے کہ لوگ انہیں شو میں دیکھنے کے لیے بہت پرجوش ہوں گے۔‘
انٹرویو کے دوران انہوں نے بیسٹ گیمز سیزن ٹو کی تفصیلات بھی شیئر کیں جو سات جنوری 2026 کو پرائم ویڈیو پر نشر ہوگا۔ نئے سیزن میں 200 شرکاء شامل ہوں گے جن میں دنیا کے سو طاقتور ترین افراد اور سو ذہین ترین لوگ شامل ہیں جو 50 لاکھ امریکی ڈالر کے خطیر انعام کے لیے مقابلہ کریں گے۔
مسٹر بیسٹ کے مطابق اس بار فارمیٹ کو پہلے سیزن کے تجربات کی روشنی میں مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ کامیابی کا دارومدار قسمت کے بجائے حقیقی صلاحیت پر ہو۔

شیئر: