Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سب زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی مجموعی دولت کیا ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے

مسٹر بیسٹ دنیا کے امیر ترین یوٹیوبر ہیں (فوٹو: یوٹیوب)
جمی ڈونلڈسن جنہیں دنیا مسٹر بیسٹ کے نام سے جانتی ہے کو دور حاضر کا سب سے کامیاب اور مقبول ترین کانٹینٹ کریئٹر مانا جاتا ہے۔
فوربز میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق 27 سالہ جمی ڈونلڈسن نے صرف سنہ 2024 اور 2025 کے دوران حیران کن طور پر 85 ملین ڈالر کمائے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق مسٹر بیسٹ نہ صرف سنہ 2025 کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے کانٹینٹ کریئیٹر کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں بلکہ وہ دنیا کے آٹھویں کم عمر ارب پتی بھی قرار دیے جا چکے ہیں۔
معروف ویب سائٹ ’سیلیبریٹی نیٹ ورتھ‘ کے مطابق ان کی مجموعی دولت ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ ان کی ماہانہ آمدن کا تخمینہ 50 ملین ڈالر ہے۔
دنیا بھر میں ان کے مداحوں (سبسکرائبرز) کی تعداد 634 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مسٹر بیسٹ کی شہرت صرف ویوز تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک بہت بڑی کاروباری شخصیت بھی بن چکے ہیں۔

مسٹر بیسٹ یوٹیوب سے کتنی آمدن حاصل کرتے ہیں؟

ٹائم میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جمی ڈونلڈسن نے انکشاف کیا کہ وہ یوٹیوب کے اشتہارات اور برانڈ معاہدوں سے کئی ملین ڈالر کماتے ہیں۔
ان کے چینل کے منتظم مارک ہسٹویڈٹ کے مطابق مختلف برانڈز مسٹر بیسٹ کو صرف ایک تعریفی پیغام کے لیے بھی ڈھائی سے تین ملین ڈالر ادا کرتے ہیں۔ ان کی ویڈیوز پر لاکھوں ویورز کے لیے اشتہاری قیمت تقریباً 20 ڈالر فی ہزار ناظرین ہے، جس سے ان کی اشتہاری آمدن دو ملین ڈالر سے تجاوز کر جاتی ہے۔

مسٹر بیسٹ کی کاروباری سلطنت

اگرچہ ان کی شہرت کا آغاز یوٹیوب سے ہوا مگر اب ان کا دائرہ کار بہت وسیع ہو چکا ہے۔
ان کے کاروبار میں ایک مٹھائی کا برانڈ ’فیسٹیبلز‘ شامل ہے جو امریکہ بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس کے علاوہ وہ ایک ورچوئل فاسٹ فوڈ چین ’مسٹر بیسٹ برگر‘ کے بھی مالک ہیں جو سیکڑوں نفوس پر مشتمل خفیہ کچنز کے ذریعے کام کر رہی ہے۔
ان کی حقیقت پر مبنی مقابلہ جاتی تفریحی سیریز ’بیسٹ گیمز‘ بھی ایک بڑی کامیاب سیریز رہی ہے جو پرائم ویڈیو پر نشر ہوتی ہے اور دو مزید سیزن کے لیے منظوری حاصل کر چکی ہے۔

کانٹینٹ کریئیٹرز اکانومی

مسٹر بیسٹ کی کامیابی ایک بڑی عالمی تبدیلی کی نمائندگی کرتی ہے جسے کانٹینٹ کریئٹرز اکانومی کہا جاتا ہے۔
فوربز کے مطابق سنہ 2025 میں دنیا کے 50 سرفہرست تخلیق کاروں نے مجموعی طور پر 853 ملین ڈالر کمائے ہیں جو گذشتہ برس کی نسبت 18 فیصد زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق اگلے برس تک صرف تخلیق کاروں کی مارکیٹنگ کی صنعت 50 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے جس میں مسٹر بیسٹ جیسے افراد مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اب سرمایہ کار بھی تخلیق کاروں کے کاروبار میں دلچسپی لے رہے ہیں جس سے یہ تخلیق کار محض تفریح کار نہیں بلکہ حقیقی کاروباری بن چکے ہیں۔

مسٹر بیسٹ کی کل دولت کتنی ہے؟

سنہ 2025 میں مسٹر بیسٹ کی آمدن 85 ملین ڈالر رہی اور ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ ایک ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔
ان کی آمدن یوٹیوب کے اشتہارات، برانڈ معاہدوں اور ان کے ذاتی کاروبار جیسے فیسٹیبلز، مسٹر بیسٹ برگر اور ’بیسٹ گیمز‘ سے حاصل ہوتی ہے۔

 

شیئر: