یوٹیوب پر سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے رواں برس یکم جون کو اس وقت ایک نیا سنگِ میل عبور کیا جب ان کے یوٹیوب پر سبسکرائبرز کی تعداد 40 کروڑ (400 ملین) سے تجاوز کر گئی۔
مزید پڑھیں
-
مسٹر بیسٹ یوٹیوب سے زیادہ پیسہ کس کاروبار سے کماتے ہیں؟Node ID: 887032
-
یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی مجموعی دولت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی؟Node ID: 891533
جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے اس تاریخی موقعے پر سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’400 ملین (40 کروڑ) سبسکرائبرز، 10 برس پہلے جب میں مشہور نہیں تھا، میرے اردگرد کے لوگ کہتے تھے کہ میں حد سے زیادہ پاگل ہوں اور کبھی کامیاب نہیں ہو سکوں گا، لیکن میں ویڈیوز بنانا پسند کرتا تھا اور سات سال تک مسلسل محنت کرتا رہا، یہاں تک کہ لوگوں نے مجھے دیکھنا شروع کیا۔‘
’میں نے اپنی ماں سے کہہ دیا تھا کہ میں بے گھر ہونا پسند کروں گا لیکن کچھ اور نہیں کروں گا۔ میرے لیے سب سے بڑا تحفہ یہ ہے کہ میں ہر دن کسی مقصد کے ساتھ جاگتا ہوں اور یہ سب یوٹیوب اور آپ لوگوں کی بدولت ہے، شکریہ 400 ملین۔‘
رواں ہفتے مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام پر یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن کے ہاتھوں اپنا منفرد پلے بٹن وصول کرنے کی ایک تصویر شیئر کی۔ تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’400 ملین سبسکرائبر پلے بٹن، شکریہ یوٹیوب۔‘
مسٹر بیسٹ کو ملنے والا یہ پلے بٹن یوٹیوب کی جانب سے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے کیونکہ مسٹر بیسٹ وہ پہلے یوٹیوبر ہیں جنہوں نے یہ سنگِ میل عبور کیا ہے۔ یہ پلے بٹن چمکتے ہوئے دھات سے تیار کیا گیا ہے اور اس کے درمیان میں ایک نیلا پتھر جفت کیا گیا ہے جو اسے منفرد بناتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا ردِعمل
سوشل میڈیا صارفین یوٹیوب کی جانب سے مسٹر بیسٹ کو دیے جانے والے پلے بٹن پر ملے جلے تاثرات کا اظہار کر رہے ہیں۔ کئی صارفین نے تو ایوارڈ کے ڈیزائن کو غیرمتاثرکن قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’یوٹیوب کو اب ایک نیا ڈیزائن لانا چاہیے، ایسا لگتا ہے جیسے یہ پلے بٹن بس جلدی میں بنا دیا گیا ہو۔‘
ایک اور نے تبصرہ کیا کہ ’یہ تو 10 ملین والا بٹن ہے، بس درمیان میں نیلا رنگ لگا دیا ہے۔‘
ریڈٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا گیا کہ ’مسٹر بیسٹ کو (40 کروڑ) 400 ملین سبسکرائبر کا ایوارڈ مل گیا ہے لیکن ڈیزائن ایسا ہونا چاہیے تھا کہ واقعی لگے یہ کچھ خاص ہے۔‘
’پہلے جب یوٹیوب کا گولڈن پلے بٹن ملتا تھا تو اس میں اصل گولڈن لوگو ہوتا تھا اب تو یہ پلے بٹن بس ایک زرد بورڈ لگتا ہے۔‘
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ایوارڈ تو جیسے اے آئی سے ڈیزائن کیا گیا ہو۔‘
مسٹر بیسٹ سیلف میڈ ارب پتی
’سلیبرٹی نیٹ ورتھ‘ کی رپورٹ کے مطابق رواں برس مسٹر بیسٹ ایک ارب ڈالر مالیت کے ساتھ ارب پتی بن گئے ہیں۔ وہ دنیا کے آٹھویں سب سے کم عمر ارب پتی ہیں اور واحد ایسے ارب پتی ہیں جس نے اپنی دولت خود کمائی ہے۔
ان کی کمپنی ’بیسٹ انڈسٹریز‘ نے سنہ 2024 میں 47 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا منافع کمایا تھا اور رواں برس 2025 میں اس کی آمدن کے دو گنا ہونے کی توقع ہے۔
یہ کامیابی مسٹر بیسٹ کے لیے ایک نیا سنگِ میل ضرور ہے مگر انٹرنیٹ پر ہونے والا تنقیدی ردعمل یہ ظاہر کرتا ہے کہ یوٹیوب صارفین اب مزید تخلیقی اور متاثرکن ایوارڈز کی توقع رکھتے ہیں۔