جازان کے زرخیز میدانوں سے ساحلی علاقوں تک ہر طرف ’جیسمین‘ کی مہک
جیسمین کے پودے ’اولینڈر‘ کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن کا نیچرل لینڈ سکیپ زرخیز میدانوں سے لے کر ساحلی علاقوں تک پھیلی بھرپور نباتاتی تنوع کی دولت سے نمایاں ہے۔
یہ منفرد ماحول اس خطے کی فطرت پر مبنی سیاحتی مقام کے طور پر کشش کو بڑھاتا ہے، جس میں ’انڈین جیسمین‘ کے پودے جسے سائنسی زبان میں ’پلومیریا‘ کہا جاتا ہے، سب سے منفرد خصوصیات میں سے ایک ہیں۔
جازان کے کھلے مقامات، متنوع نباتاتی حسن اور خوشبودار پودے مل کر ایسا دلکش منظر پیش کرتے ہیں جو علاقے کی قدرتی دولت اور جمالیاتی کشش کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جازان کو مملکت میں قدرتی سیاحت اور ماحولیاتی تنوع کے نمایاں مراکز میں شمار کیا جاتا ہے۔
جیسمین کے پودے ’اولینڈر‘ کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور گرم و مرطوب آب ہوا میں بہترین نشوونما پاتے ہیں۔ ان کی اونچائی 4 سے 8 میٹر تک ہوتی ہے۔
اپنی دلکش ساخت اور خوشگوار مہک کے باعث یہ پودے کھلے مقامات اور ساحلی تفریحی علاقوں کے قدرتی مناظر کا اہم حصہ بن چکے ہیں۔

جیسمین کے پھول عموما موسم گرما اور خزاں میں کھلتے ہیں۔ ان کے مختلف رنگ ہیں جن میں سفید، زردی مائل سفید اور گلابی مائل سرخ شامل ہیں۔
قدرتی مناظر کو مزید دلکش بنانے والے ان نرم و نازک پھولوں کی خوشگوار خوشبو نے انہیں کھلے مقامات اور قدرتی تفریحی علاقوں میں لگائے جانے والے نمایاں آرائشی اور خوشبودار پودوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔
ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی ہے کہ ان کے پھول طویل عرصے تک برقرار رہتے ہیں۔ ان پھولوں کے مرجھانے سے پہلے ہی ان میں نئی کلیاں نمودار ہونا شروع ہوجاتی ہیں جس کے باعث سال بھر ان کا حسن برقرار رہتا ہے۔

’انڈین جیسمین‘ کی افزائش مختلف زرعی طریقوں سے کی جاتی ہے، سب سے عام طریقہ ’قلم لگانے‘ کا ہے جس کے تحت شاخ کے حصوں کو زمین میں دبا کر نئی جڑیں پیدا کی جاتی ہی۔
اس کے علاوہ پکے ہوئے پھولوں سے حاصل کردہ بیجوں کو نم مٹی میں کاشت کیا جاتا ہے۔
ساحلی نمی، سمندری ہوائیں اور رنگ برنگے پھولوں کا امتزاج ایسے قدرتی مناظر تخلیق کرتا ہے جو علاقے کے نباتاتی تنوع اور حسنِ فطرت کو نمایاں کرتا ہے۔

’جیسمین‘ کے پھول و پودے کی اہمیت صرف جمالیاتی پہلو تک ہی محدود نہیں بلکہ اس کے بعض اجزا طبی مرکبات اور عطر سازی کی صنعت میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔ ان پودوں کو راہداریوں، عوامی مقامات اور کھلے علاقوں کی تزئین و آرائش میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
ریجنل بلدیہ شہری علاقوں کی خوبصورتی اور سبز مقامات میں اضافے کے لیے مسلسل اقدامات کررہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت عوامی مراکز، پارکوں اور کھلے مقامات پر خوشبودار پودوں کو اگایا جاتا ہے۔
واضح رہے جازان ریجن اپنے نباتاتی اور ماحولیاتی تنوع کے باعث قدرتی سیاحت کی ایک ممتاز منزل کے طورپر اپنی شناخت کو مزید مستحکم کررہا ہے، جہاں خوشبودار درخت و پودے قدرتی مناظر کو دلکشی بخشتے ہیں۔ سال بھر مقامی افراد اور سیاحوں کو اپنی جانب بھی متوجہ کرتے ہیں۔
