الباحہ ریجن میں جیکارانڈا کے پھولوں نے ہر طرف بنفشی رنگ بکھیر دیا
الباحہ ریجن میں اس وقت جیکارانڈا کے درختوں پر ہر سو بہار ہے جس کی وجہ سے سڑکیں، پارک اور عوامی باغات دلکش جامنی رنگ میں تبدیل ہو گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ سیزن کا شاہکار ریجن کا اہم منظر بن چکا ہے جسے دیکھنے کے لیے مقامی افراد اور سیاح ہر سال آتے ہیں۔
الباحہ میونسپلٹی کے مطابق نیشنل پارک ریجن میں 1026 جیکارانڈا کے درخت ہیں جو گلیوں، پارکوں، باغات اور ہریالی والی جگہوں پر پھیلے ہوئے ہیں۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ نیشنل پارک واک وے جیکارانڈا درختوں کا گھنا علاقہ ہے جہاں درخت واک وے کے ساتھ ساتھ ہیں اور وہ واک کے لیے آنے والے وزیٹرز کے لیے ایک منفرد منظر پیش کرتے ہیں۔
اس سائٹ پر 30 فوڈ ٹرک اور مخصوص واکنگ ٹریک ہے جو بڑی شاہراہ پر ہونے کے باعث سب کی پہنچ میں ہے۔
المدان گارڈن بھی اپنی سہولیات اور سروسز کی وجہ سے سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے جس میں کِھلے ہوئے جیکارانڈا کے درخت پارک کو پرسکون اور دلکش ماحول فراہم کرتے ہیں۔
اس پارک میں مسجد، ریسٹ رومز اور بچوں کے کھیلنے کے لیے پلے ایریا بھی ہے جو اسے فیملیز اور وزیٹرز کے لیے موزوں جگہ بناتا ہے۔
