شاہ سلمان 16 ملکوں کے ایک ہزار عمرہ زائرین کی میزبانی کریں گے
140 ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی میزبانی کی جاچکی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت مختلف مراحل میں شاہی مہمان مملکت پہنچیں گے۔
شاہی مہمانوں کا تعلق 16 ایشیائی ممالک سے ہے، ان میں انڈونیشیا، مشرقی تیمور، فلپائن، ملایشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، ولاوس، سنگاپور، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان اور منگولیا شامل ہیں۔
سعودی وزیر اسلامی امور اور شاہی ضیافت پروگرام کے نگران اعلی شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے بتایا ’ شاہی ضیافت پروگرام کے آغاز سے اب تک 140 سے زائد ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی میزبانی کی جاچکی ہے۔‘
وزارتِ اسلامی امور کی جانب سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ پروگرام کے تحت آنے والے شاہی مہمانوں کو مسجد نبوی کی زیارت کے علاوہ مدینہ منورہ کے اسلامی تاریخی مقامات پر بھی لے جایا جاتا ہے ۔ان کی ملاقات حرمین شریفین کے آئمہ کرام سے بھی کرائی جاتی ہے۔
