Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سدایا کے پلیٹ فارمز کے لیے اقوام متحدہ کا پبلک سروس ایوارڈ

سدایا کو یہ ایوارڈ 25 جون کو جورجیا کے شہر تبلیسی میں دیا جائے گا (فوٹو: یو این)
اقوامِ متحدہ نے اعلان کیا کہ سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) نے اپنے نیشنل ڈیٹا بینک اور استشراف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے 2026 کا اقوامِ متحدہ کا پبلک سروس ایوارڈ جیت لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ایوارڈ ایک بین الاقوامی مقابلے کے بعد دیا گیا جس میں اس سال 62 ممالک کی 700 سے زیادہ منصوبوں نے حصہ لیا تھا۔
سدایا کو یہ ایوارڈ 25 جون کو جورجیا کے شہر تبلیسی میں منعقد ہونے والی اقوامِ متحدہ پبلک سروس فورم کی سرکاری تقریب کے دوران دیا جائے گا۔
یہ سرکاری شعبے میں بہترین کارکردگی اور جدت پر دیا جانے والا سب سے بڑا بین الاقوامی اعزاز ہے۔ یہ ان حکومتی منصوبوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے عوامی خدمات کو بہتر بنانے، اداروں کی کارکردگی بڑھانے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہو۔
یہ کامیابی ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مملکت کی بڑھتی ہوئی عالمی کامیابیوں میں ایک نیا سنگ میل ہے جو  مصنوعی ذہانت کے سال 2026 کے موقع پر حاصل ہوئی ہے۔
یہ اس مسلسل حمایت کی عکاسی کرتا ہے جو سدایا کو اس کے چیئرمین ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے حاصل ہے تاکہ ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اس کے کردار کو مضبوط بنایا جا سکے اور مملکت کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی معیشتوں میں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

نیشنل ڈیٹا بینک، سدایا کا ایک اہم قومی منصوبہ ہے جس کا مقصد ڈیٹا کے معیار کو بہتر بنانا اور مختلف اداروں کے درمیان ڈیٹا کے تبادلے کو آسان بنانا ہے۔ یہ ڈیٹا پر مبنی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، ڈیجیٹل خدمات کی کارکردگی اور اعتماد میں اضافے اور بہتر فیصلہ سازی میں مدد فراہم کرتا ہے۔
استشراف ایک جدید قومی پلیٹ فارم ہے جو ڈیٹا اینالیٹکس اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے فیصلہ سازی میں مدد دیتا ہے اور مستقبل کے چیلنجز کی پیش گوئی کرتا ہے۔ یہ اشارے، تجزیے اور پیشگی معلومات فراہم کر کے سرکاری اداروں کی تیاری بہتر بناتا ہے اور منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کی کارکردگی کو مؤثر بناتا ہے۔

شیئر: