عسیر میں سیاحت کا فروغ، موسمِ گرما میں سرمایہ کاری کے 44 مواقع فراہم
جمعرات 2 جولائی 2026 8:10
عسیر ریجن کی میونسپلٹی سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دے رہی ہے اور موسم گرما میں سیزنل سرمایہ کاری کے لیے 44 مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام سرمایہ کاروں کو بااختیار بنانے، وزیٹرز کے تجربات کو بہتر بنانے اور سیاحتی سرگرمیوں کی مقامی معیشت میں شراکت بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
میئر عسیر انجینیئر عبداللہ الجالی نے بتایا کہ ’میونسپلٹی نے علاقائی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جامع منصوبے تیار کیے ہیں۔ پہلے مرحلے میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور شہری مقامات کی بہتری پر کام کیا جا رہا ہے جس مں سڑکیں، راہداریاں، پارکس، سٹریٹ لائٹس اور بلدیاتی خدمات شامل ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ترقیاتی مرحلے کا دوسرا حصہ سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ اور تقریبات و تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد کا ہے جو موسم گرما کے دوران علاقے کی سیاحتی ترقی سے منسلک ہیں۔‘
سرمایہ کاری کے مواقع میں ریستوران، کیفے، تفریحی مراکز اور تجارتی سرگرمیاں شامل ہیں تاکہ مختلف دلچسپی رکھنے والے سیاحوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ’سیزنل سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مستقل سرمایہ کاری میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان میں تجارتی مراکز، ریستوران، کیفے، ریٹیل شاپس اور سروسز کے شعبے شامل ہیں۔‘
سیزنل سرمایہ کاری کی کامیابی بلدیاتی اداروں، عسیر ترقیاتی اتھارٹی، وزارتِ سیاحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان موثر تعاون کا نتیجہ ہے جبکہ سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو بھی آسان بنایا گیا ہے۔

واضح رہے ترقیاتی اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب عسیر میں سیاحتی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ جدید انفراسٹرکچر، قدرتی اور ثقافتی مقامات کے تنوع اور سیزنل ایونٹس میں اضافے نے علاقے کو نمایاں سیاحتی اور محفوظ سرمایہ کاری کی منزلوں میں شامل کر دیا ہے۔ اس سے مہمان نوازی اور تفریحی و سیاحتی شعبوں میں سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
