Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ میرے بیٹے جیسا ہے‘، لامین یامال کا ننھا بھائی جو انٹرنیٹ کا نیا سٹار بن چکا ہے

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سپین نے آسٹریا کو تین صفر سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی، مگر میچ ختم ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ چرچا کسی گول کا نہیں بلکہ سپین کے نوجوان سٹار لامین یامال کے تین سالہ بھائی کین کا رہا۔
سپین کے تیسرے گول پر ننھے کین کے جوش و خروش سے بھرپور جشن کی ویڈیو چند ہی لمحوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جہاں فٹبال شائقین نے ان کے معصومانہ انداز اور اپنے بڑے بھائی کے لیے محبت کو خوب سراہا۔
لاس اینجلس کے سوفائی سٹیڈیم میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 32 کے میچ کے دوران کین اپنی والدہ اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ سٹینڈز میں موجود تھے تاکہ لامین یامال کی حوصلہ افزائی کر سکیں۔
میچ کے 89ویں منٹ میں جب میکیل اویارزابال نے سپین کا تیسرا اور آخری گول کیا تو کیمروں نے ننھے کین کا ردِعمل قید کر لیا۔ 

انہوں نے خوشی سے دونوں مکے فضا میں بلند کیے، زور سے ’واموس‘ یعنی شاباش کا نعرہ لگایا اور بھرپور انداز میں جشن منایا۔

چند ہی لمحوں میں یہ ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں بار دیکھی گئی اور ہزاروں صارفین نے ننھے کین کے جذبے اور معصومانہ خوشی کی تعریف کی۔
سوشل پر ایک صارف نے لکھا، ’اپنے بڑے بھائی کا شاید اس سے بڑا مداح کوئی نہیں ہو سکتا۔‘ 
ایک صارف نے ننھے بچے کے نعرے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’میرا خیال ہے یہ اب تک کا سب سے زیادہ ہسپانوی انداز میں کہا گیا واموس تھا۔‘
ایک اور صارف نے لکھا، ’یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ایک ننھا بچہ فٹبال سے اس قدر محبت کرتا ہے۔‘ جبکہ ایک نے لکھا ہے، ’اس جشن میں جتنا جذبہ تھا، وہ واقعی دیکھنے کے قابل تھا۔‘
اگرچہ 18 سالہ لامین یامال آسٹریا کے خلاف اس میچ میں گول یا اسسٹ نہ کر سکے، تاہم وہ پورے مقابلے میں سپین کے اٹیکس کا اہم حصہ رہے اور مسلسل آسٹریا کے دفاع کے لیے خطرہ بنے رہے۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لامین یامال اپنے ننھے بھائی کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔
انہوں نے کہا، ’اپنے بھائی کو خوش دیکھ کر میں جذباتی ہو جاتا ہوں۔ اپنی والدہ کو اپنی پسند کی زندگی گزارتے اور اپنے دوستوں کو خوش دیکھنا ہی میری سب سے بڑی خوشی ہے۔ فٹبال سے بڑھ کر بھی یہی چیزیں میرے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔‘
یامال نے کہا کہ شہرت کے باوجود ان کا خاندان انہیں حقیقت سے جوڑے رکھتا ہے۔
ان کے بقول، ’فٹبال کھیلنا اور اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا میرے لیے سب سے قیمتی چیز ہے، کیونکہ یہی لوگ مجھے ویسا ہی دیکھتے ہیں جیسا میں حقیقت میں ہوں۔ فٹبال کا کیریئر مختصر ہوتا ہے، اس لیے ہر لمحے سے لطف اٹھانا چاہیے۔‘
اپنے ننھے بھائی کے بارے میں انہوں نے کہا، ’میں اپنے بھائی سے بے حد محبت کرتا ہوں، وہ میرے لیے بیٹے کی طرح ہے۔‘
یہ پہلا موقع نہیں جب کین نے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہو۔ اس سے پہلے بھی وہ لامین یامال کے ساتھ مختلف ویڈیوز اور تصاویر کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مقبول ہو چکے ہیں۔

شیئر: