فیفا ورلڈ کپ 2026: اب تک کون سی ٹیمیں راؤنڈ آف 16 میں پہنچیں، آگے کیا ہوگا؟
فیفا ورلڈ کپ 2026: اب تک کون سی ٹیمیں راؤنڈ آف 16 میں پہنچیں، آگے کیا ہوگا؟
جمعہ 3 جولائی 2026 13:10
پرتگال نے دیر سے گول کر کے کامیابی حاصل کی اور راؤنڈ آف 16 میں رسائی حاصل کر لی۔(فوٹو: گیٹی امیجز)
فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں ہر میچ کسی بھی ٹیم کے لیے 'کرو یا مرو' کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔
راؤنڈ آف 32 کے بیشتر مقابلے مکمل ہو چکے ہیں اور کئی مضبوط ٹیمیں راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا چکی ہیں، جبکہ دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا سمیت چند ٹیموں کے اہم مقابلے ابھی باقی ہیں۔
حالیہ مقابلوں میں سب سے زیادہ توجہ پرتگال اور کروشیا کے درمیان ہونے والے میچ نے حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت میں کوئی فیصلہ نہ ہو سکا اور مقابلہ اضافی وقت تک جا پہنچا۔
سنسنی خیز مقابلے کے اختتام پر پرتگال نے دیر سے گول کر کے کامیابی حاصل کی اور راؤنڈ آف 16 میں رسائی حاصل کر لی، جبکہ کروشیا کا ورلڈ کپ سفر ختم ہو گیا۔
دوسری جانب سپین نے آسٹریا کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔
سپین نے پورے میچ میں کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔(فوٹو: گیٹی امیجز)
کپتان میکیل اویارزابال نے دو گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ سپین نے پورے میچ میں کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور حریف ٹیم کو زیادہ مواقع فراہم نہیں کیے۔
سوئٹزرلینڈ نے بھی الجزائر کو تین صفر سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔
سوئس ٹیم نے دفاع اور حملے دونوں شعبوں میں متوازن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔(فوٹو: گیٹی امیجز)
سوئس ٹیم نے دفاع اور حملے دونوں شعبوں میں متوازن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور الجزائر کو پورے میچ میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔
پرتگال، سپین اور سوئٹزرلینڈ کی کامیابی کے بعد راؤنڈ آف 16 میں پہنچنے والی ٹیموں کی تعداد مزید بڑھ گئی ہے۔
اس سے قبل برازیل، فرانس، جرمنی، میکسیکو، انگلینڈ، امریکہ، بیلجیئم، پیراگوئے، کینیڈا اور مراکش بھی اپنے اپنے مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کر چکے ہیں۔
تاہم راؤنڈ آف 32 کے تین اہم مقابلے ابھی باقی ہیں۔ دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا کیپ ورڈے کے خلاف میدان میں اترے گا، آسٹریلیا کا مقابلہ مصر سے ہوگا، جبکہ کولمبیا اور گھانا بھی آمنے سامنے ہوں گے۔
ان میچوں کے اختتام پر راؤنڈ آف 16 میں پہنچنے والی تمام 16 ٹیموں کی تصویر واضح ہو جائے گی۔
راؤنڈ آف 32 کے اختتام کے بعد راؤنڈ آف 16 کا مرحلہ شروع ہوگا، جہاں فاتح آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنل میں جگہ بنائیں گی۔(فوٹو:اے ایف پی)
راؤنڈ آف 32 کے اختتام کے بعد راؤنڈ آف 16 کا مرحلہ شروع ہوگا، جہاں ہر مقابلہ ناک آؤٹ بنیاد پر کھیلا جائے گا۔
اس مرحلے میں شکست کھانے والی ہر ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی، جبکہ فاتح آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
اس کے بعد کوارٹر فائنل کے فاتح سیمی فائنل میں پہنچیں گے اور سیمی فائنل کی کامیاب ٹیمیں عالمی اعزاز کے لیے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
شائقین کی نظریں اب دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا کے اگلے مقابلے پر مرکوز ہیں۔(فوٹو: اے ایف پی)
ورلڈ کپ اب اپنے ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں ہر میچ کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
شائقین کی نظریں اب نہ صرف دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا کے اگلے مقابلے پر مرکوز ہیں بلکہ راؤنڈ آف 32 کے باقی میچوں پر بھی ہیں، کیونکہ ان کے بعد راؤنڈ آف 16 کی تمام 16 ٹیموں کا فیصلہ ہو جائے گا اور عالمی ٹائٹل کی دوڑ مزید دلچسپ مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔