قصیم میں تفریحی سرگرمیوں اور فیسٹیول کا آغاز، 180 سے زائد پروگرام
اس کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے ( فوٹو ایکس اکاونٹ)
قصیم میونسپلٹی نے موسمِ گرما کے دوران مختلف کمشنریوں میں تفریحی سرگرمیوں اور فیسٹیول کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فیسٹیول اور تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد مختلف پارکوں اور کھلے مقامات پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا، معیار زندگی کو بہتر بنانا اور لوگوں کو موسمِ گرما کی تعطیلات میں بہترین تفریحی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔
میونسپلٹی کے ترجمان نایف النفیعی کا کہنا ہے ’مختلف مقامات پر 7 سے زائد فیسٹیولز کا اہتمام کیا گیا ہے، 180 سے زائد مختلف نوعیت کے پروگرام شامل ہیں۔
ان میں متنوع تفریحی، ثقافتی، سماجی اور سپورٹس ایونٹس کے ساتھ لائیو پرفارمنس، بچوں اور فیملیز کے لیے سرگرمیاں، مقابلے اور انٹر ایکٹو پروگرام شامل ہیں جو معاشرے کے تمام طبقات کی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا ’فیسٹیولز شہریوں کو تفریحی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ کاروباری افراد، گھریلو صنعتوں سے وابستہ خاندانوں اور نوجوانوں کو سیزنل کاروباری مواقع فراہم کرکے مقامی معیشت کو سہارا دیتے ہیں۔‘
نایف النفیعی کے مطابق یہ اقدامات معیار زندگی کو بہتر بنانے اور شہروں کی ترقی کے حوالے سے سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
