قصیم میں پارکس اور تفریحی مقامات کی تزئین و آرائش مکمل
بلدیہ کا کہنا ہے کہ پارکوں کی صفائی اور دیکھ بھال کا عمل جاری رہے گا (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن کی البکیریہ بلدیہ کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے پارکوں اور تفریحی مقامات کی صفائی و دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ریجنل بلدیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں 32 پارکس اور تفریحی مقامات کے علاوہ 48 مقامات کے چوراہوں کو مزین کر دیا گیا ہے۔
مذکورہ مقامات کا مجموعی رقبہ 28 لاکھ مربع میٹر سے زائد ہے۔ علاوہ ازیں 36 ہزار میٹر سے زیادہ طویل واکنگ ٹریکس اور سپورٹس ٹریکس کو بھی بہتر بنا دیا گیا ہے۔
تزئین و آرائش کے منصوبے کے تحت 35 کھیلوں کے میدان، 80 بچوں کے پلے گراؤنڈز، جبکہ 6 لاکھ مربع میٹر سے زائد سبزے کے رقبے کی اصلاح و مرمت و آرائش کی گئی، جس کا مقصد شہریوں کو کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
ریجنل بلدیہ کی جانب سے عوامی خدمات کے شعبے میں بھی اقدامات کرتے ہوئے آبپاشی، صفائی اور دیکھ بھال کے نظام کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 35 مقامات پرعوامی بیت الخلا، ایک ہزار 129 سٹریٹ لائٹس کی اصلاح و مرمت کا کام بھی مکمل کرلیا گیا۔
البکیریہ بلدیہ کے سربراہ انجینیئر فائز بن مشعان العقیلی کا کہنا ہے کہ عوامی سہولیات کی دیکھ بھال، صفائی اور مسلسل نگرانی کا عمل جاری رہے گا تاکہ تفریح کے لیے آنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
