Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرفارمنگ آرٹس میں دو نئے اکیڈمک پروگرام، داخلوں کا آغاز

دونوں پروگراموں کا آغاز ریاض کیمپس میں ستمبر 2026 سے ہوگا ( فوٹو: ایس پی اے)
رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹ (ورث) نے سال 2026 کے اکیڈمک پروگراموں میں داخلوں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد روایتی فنون کے شعبے کی ترقی، تعلیمی نظام کو مزید مستحکم کرنا، قومی صلاحیتوں کو علمی اور تخلیقی مہارتوں سے آراستہ کرنا اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے فنون کے میدان میں اعلی معیار کی تعلیم فراہم کرنا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے مملکت میں پہلی مرتبہ دو نئے تعلیمی پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ ان میں ماسٹر آف پرفارمنگ آرٹس اور ایسوسی ایٹ ڈپلومہ ان موومنٹ پرفارمنس شامل ہیں۔
کلاسز کا آغاز ریاض کیمپس میں ستمبر 2026 سے ہوگا۔ ماسٹر آف پرفارمنگ آرٹس، اعلی تعلیمی پروگرام ہے، اس کا مقصد ایسے ریسرچرز اور آرٹسٹ تیار کرنا ہے جو پرفارمنگ آرٹس کا ان کے ثقافتی اور عصری تناظر میں مطالعہ اور اسے نئی جہت دینے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
یہ پروگرام لیورپول میڈیا اکیڈمی (ایل ایم اے) کے اشتراک سے پیش کیا جا رہا ہے۔

ایسوسی ایٹ ڈپلومہ ان موومنٹ پرفارمنس کا مقصد ایک جامع پروگرام کے ذریعے پروفیشنل آرٹسٹ تیار کرنا ہے۔ یہ پروگرام مملکت کے روایتی فنون سے متاثر ہے، اس کا مقصد طلبہ کی کارکردگی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔
یہ پروگرام کوریا نیشنل یونیورسٹی آف آرٹس کے اشتراک سے پیش کیا جا رہا ہے۔ ورث، سعودی روایتی فنون کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

شیئر: