جازان میں تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس، ثقافتی اقدار اجاگر کرنے کا موثر پلیٹ فارم
تربیتی پروگرام میں مختلف عمر کے افراد کو شامل کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن میں تھیٹر کی سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جہاں وژن اور ثقافتی اقدار کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سپیشلائزڈ تھیٹر ایسوسی ایشنز کی جانب سے اس فن کی ترویج کے لیے کام کیا جارہا ہے، تھیٹر کی تیاری، فنکارانہ تربیت اور کمیونٹی کی شمولیت کے لیے متنوع سرگرمیاں سامنے آ رہی ہیں۔
تھیٹرمیں مختلف نوعیت کے ڈرامے پیش کیے گئے، ساتھ ہی پینل مباحثے اور ثقافتی تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا، جنہوں نے تھیٹر کو اظہار اور باہمی تعامل کے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر مضبوط کیا۔
تربیتی پروگرام میں مختلف عمر کے افراد کو شامل کیا گیا تاکہ ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جاسکے۔
’ضو‘(روشنی) تھیٹر اورپرفارمنگ آرٹس ایسوسی ایشن ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس کی سرگرمیوں کی وسعت اور تنوع اس کے نمایاں اثر کو ظاہر کرتے ہیں۔

گزشتہ برس 2025 میں ایسوسی ایشن نے 5 ڈرامے پیش کیے، جبکہ 37 ثقافتی پروگرام اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں 7550 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
تھیٹر کے انعقاد میں رضاکارانہ تعاون شامل رہا۔ 1637 رضاکاروں نے مجموعی طور پر 2 لاکھ 12 ہزار گھنٹے خدمات انجام دیں جو تھیٹر کے ساتھ معاشرتی وابستگی کی مضبوط علامت ہے۔

تھیٹر و پرفارمنگ آرٹس کے چیئرمین عبداللہ عقیل کے مطابق سوسائٹی ایک ایسے وژن کے تحت کام کر رہی ہے جس کا مقصد علاقے میں مضبوط تھیٹر نظام قائم کرنا ہے۔
ایسوسی ایشن، تھیٹر کو ثقافتی ترقی کا ایک فعال عنصر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، جو سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، خاص طور پر تخلیقی صنعتوں کا فروغ اور قومی صلاحیتوں کو با اختیار بنانا اور فن کی ترویج کے لیے ساز گار ماحول پیدا کرنا شامل ہے۔
