Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

30 ہزار ٹن سے زائد سالانہ پیداوار: انگور نے قصیم کی زرعی شناخت کو مزید مضبوط بنا دیا

قصیم ریجن مملکت کے اہم زرعی خطوں میں سے ایک کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ یہاں دیگر فصلوں کے ساتھ انگور کی کاشت بھی زرعی پیداوار کو متنوع بنانے اور اقتصادی آمدنی میں اضافے کے لیے معاون ہے۔
ایس پی اے کے مطابق خطے کی زرخیز مٹی اور موافق موسمی حالات نے قصیم ریجن میں انگور کی معیاری پیداوار کو فروغ دیا ہے۔ ریجن کی کمشنریاں جن میں ’عیون الجوا، المذنب اور البدائع شامل ہیں، میں انگور کی کاشت کی جاتی ہے۔
قصیم کے باغات میں متعدد اقسام کے انگوروں کی کاشت کامیابی سے کی جا رہی ہے ان میں بلیک روز، طائفی انگور، حلوانی، بلیک میجک، بناتی سرخ اور بناتی سبز انگور نمایاں ہیں۔
انگور کی یہ تمام اقسام مقامی ماحول اور آب و ہوا سے مکمل طور پر مطابقت رکھتی ہیں۔ اعلٰی معیار کی پیداوار سے مقامی مارکیٹ کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں۔
قصیم ریجن میں وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت کے ریجنل ڈائریکٹر جنرل انجینیئرسلمان بن جاراللہ الصوینع نے بتایا کہ قصیم، مملکت میں انگور پیدا کرنے والے اہم ترین علاقوں میں شامل ہے جہاں سالانہ 30 ہزار 875 ٹن پیداوار حاصل کی جاتی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ریجن میں تقریباً 60 مرموں میں ایک ہزار 21 ہیکٹر سے زائد رقبے پر انگور کے باغات موجود ہیں۔ انگور کی بیلوں کی تعداد تقریباً 12 لاکھ 86 ہزار 460 کے قریب ہے۔‘
وزارت کی جانب سے انگور کی کاشت میں توسیع اور اس سے وابستہ فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ انگور اور اس کی مصنوعات جیسے جوس، شیرہ، کشمش اور قدرتی سرکہ تیار کیا جا سکے جس سے مقامی سطح  پر روزگار میں اضافے کے ساتھ سعودی وژن 2030 کے پائیدار زرعی ترقی کے اہداف کے حصول کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

انگور کے کاشتکار عبدالرحمان عید العوفی نے بتایا کہ ’ان کے فارم میں گزشتہ 35 برسوں سے انگور کی کاشت کی جا رہی ہے۔ موزوں اقسام کے انتخاب اور جدید زرعی طریقوں پر عمل درآمد سے معیار اور مقدار میں نمایاں بہتری آئی ہے، موسمی چیلنجوں کے باوجود پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔‘
ان کہنا تھا کہ ’انگور کی بیل کو سال بھر مسلسل نگہداشت درکار ہوتی ہے۔ اس کی افزائش مختلف مراحل پر مشتمل ہوتی ہے۔ ابتدائی اقسام کی فصل جون کے وسط سے پکنا شروع ہوتی ہے جبکہ مختلف اقسام کی مارکیٹنگ تقریباً چار ماہ تک جاری رہتی ہے۔‘

شیئر: