اٹلی کے ایک گاؤں میں بغیر شرٹ یا سوئمنگ ڈریس پہن کر گھومنے پر پابندی، کتنے یورو جُرمانہ ہوگا؟
اٹلی کے ایک گاؤں میں بغیر شرٹ یا سوئمنگ ڈریس پہن کر گھومنے پر پابندی، کتنے یورو جُرمانہ ہوگا؟
بدھ 8 جولائی 2026 17:06
بڑھتی ہوئی سیاحت کے باعث اس نوعیت کے اقدامات پہلے بھی کیے جا چکے ہیں (فوٹو: ایلامے)
اٹلی کی مشہور جھیل کومو کے کنارے واقع خوب صورت سیاحتی گاؤں ’وارینا‘ نے بے ہنگم سیاحت پر قابو پانے کے لیے سخت قوانین نافذ کر دیے ہیں، جن کے تحت عوامی مقامات پر بغیر شرٹ یا سوئمنگ ڈریس میں گھومنے والے افراد پر 50 سے 200 یورو تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کے مطابق مقامی انتظامیہ نے یہ پابندی صرف ساحل، جھیل کے کنارے یا کشتی کی سیر تک محدود لباس کو گاؤں کی گلیوں، بازاروں، ریستورانوں، گرجا گھروں اور عوامی مقامات پر پہننے سے روکنے کے لیے لگائی ہے۔
وارینا کے میئر ماؤرو منزونی کا کہنا ہے کہ ’ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں سیاح اس خوب صورت گاؤں کا رخ کرتے ہیں، تاہم مقامی آبادی کے سکون اور معیارِ زندگی کو بڑے پیمانے پر سیاحت کی نذر نہیں کیا جا سکتا۔‘
نئے قوانین کے تحت سیاحتی گروپوں کی تعداد بھی 25 افراد تک محدود کر دی گئی ہے، جبکہ ٹور گائیڈز کے لیے لاؤڈ سپیکر استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ تنگ گلیوں میں ہجوم اور شور و غل پر قابو پایا جا سکے۔
مقامی دکان داروں نے ان اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ساحل پر لوگ اپنی مرضی کا لباس پہن سکتے ہیں، لیکن بازاروں، دکانوں، ریستورانوں اور مذہبی مقامات پر مناسب لباس پہننا ضروری ہے۔
اٹلی میں بڑھتی ہوئی سیاحت کے باعث اس نوعیت کے اقدامات پہلے بھی کیے جا چکے ہیں۔
سنہ 2022 میں سورینٹو شہر میں سوئمنگ ڈریس اور برہنہ گھومنے والوں کو جرمانے ہوئے (فائل فوٹو: ایلامے)
سنہ 2022 میں سورینٹو شہر میں بھی سوئمنگ ڈریس اور برہنہ گھومنے والوں پر جرمانے عائد کیے گئے تھے، جبکہ سنہ 2023 میں ساحلی شہر پورٹوفینو میں مخصوص مقامات پر سیلفیاں لینے اور زیادہ دیر کھڑے رہنے پر پابندیاں نافذ کی گئی تھیں۔