سعودی عرب کی کویت، بحرین اور اردن کے خلاف ایرانی جارحیت کی مذمت
جمعرات 9 جولائی 2026 19:18
حملوں کو خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے مسلسل خطرہ قرار دیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے کویت، بحرین اور اردن کے خلاف ایران کی مسلسل جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ایران کی جانب سے برادر ملکوں کی خود مختاری کی خلاف ورزی کو مکمل طور پر مسترد کیے جانے کا اعادہ کیا، اسے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے مسلسل خطرہ قرار دیا۔
وزارت خارجہ نے کہا ’یہ حملے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2817 کی خلاف ورزی ہیں، جو ایران کی طرف سے خطے کے ممالک کے خلاف شروع کیے گئے تمام حملوں کو فوری طور پر روکے جانے سے متعلق ہے۔‘
بیان میں برادر ملکوں کی خود مختاری کے احترام، بین الاقوامی قراردادوں اور قوانین کی پاسداری پر زور دیا گیا اور کہا یہ خلاف ورزیاں خطے میں سلامتی اور استحکام کی بحالی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
یاد رہے ایران نے جمعرات کو امریکہ کے نئے حملوں کے جواب میں بحرین، کویت اور اردن میں امریکہ اہداف کو نشانہ بنائے جانے کا دعوی کیا ہے۔
کویت اور بحرین کے حکام نے جمعرات کی صبح کہا ان کے دفاعی نظام ’دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں‘ سے نمٹ رہے ہیں جبکہ اردن نے کہا کہ اس نے ایران کی جانب سے داغے گئے آٹھ میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
