جازان: سمارٹ فارمنگ پروجیکٹ میں 600 ملین ریال کی سرمایہ کاری
اتوار 12 جولائی 2026 0:07
جدید فارمنگ کا منصوبہ دس لاکھ مربع میٹر رقبے پر قائم کیا جائے گا( فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن میں ماڈرن گرین ہاوسز اور سمارٹ فارمنگ کے حوالے سے منفرد زرعی منصوبے پر کام شروع کیا جارہا ہے۔ سمارٹ فارمنگ منصوبے پر سرمایہ کاری کا تخمینہ 600 ملین ریال سے زائد ہے۔
ایس پی اے کے مطابق فارمنگ منصوبہ خطے کو جدید زراعت کے قومی مرکز کے طور پر منفرد شناخت دے گا۔
یہ منصوبہ جازان ریجن کی ترقی کے لیے کی جانے والی اہم کوششوں کا حصہ ہے، جن کامقصد معیاری سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور سرمایہ کاری کے مواقع کو عملی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہے، تاکہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی مہارتوں کے فروغ، زرعی پیداوار کی استعداد میں اضافہ اور خطے کی مقامی و علاقائی مسابقت کو مضبوط بنایا جاسکے۔
جدید فارمنگ کا منصوبہ دس لاکھ مربع میٹر رقبے پر قائم کیا جائے گا، جس میں پانچ لاکھ مربع میٹرکا رقبہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس گرین ہاوسز کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں، جبکہ اتنا ہی رقبہ سیزنل پھلوں کی کاشت کے لیے ہوگا۔

منصوبے میں سمارٹ فارمنگ کے حوالے سے جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جس میں گرین ہاوسز کے اندر موسمی حالات کو کنٹرول کرنے کے جدید نظام، پانی کی رسی سائیکلنگ پر مبنی سسٹم ، آبپاشی نظام وغیرہ شامل ہیں۔
جدید تکنیکیوں کے ذریعے پانی کے استعمال میں 75 فیصد تک کمی لانے میں مدد ملے گی، اس سے قدرتی وسائل کے موثر استعمال اور ماحولیاتی پائیداری کے اہداف کو بھی تقویت ملے گی۔
سمارٹ فارمنگ منصوبے کے لیے سعودی عرب اور نیدرلینڈ کے درمیان اشتراک عمل کیا جائے گا، جس کے تحت عالمی معیار کی زرعی مہارت اور بہترین طریقہ کار جازان منتقل کیے جائیں گے، جبکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر فروغ دینے اور اس شعبے میں مقامی صلاحیت کو بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

توقع کی جارہی ہے کہ منصوبے سے دو ہزار سے زائد براہ راست اور بالواسطہ ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اس کے ساتھ زرعی ویلیو چین میں سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا اور پیکنگ، کولڈ اسٹوریج، لاجسٹکس و دیگر سروسز کی بہتری اور توسیع میں بھی مدد ملے گی۔
خیال رہے جازان کا علاقہ منفرد آب و ہوا اور زرخیز زمین کی وجہ سے کاشت کاری کے لیے مثالی مانا جاتا ہے، جہاں 30 لاکھ سے زائد پھل دار درخت موجود ہیں اور سالانہ ایک لاکھ 13 ہزار ٹن سے زائد سیزنل پیداوار حاصل ہوتی ہے۔
