نجران: تاریخ، ثقافت اور زراعت سے جڑے کھجوروں کے قدیم درخت
نجران ریجن کے کھجور کے قدیم درخت صدیوں سے چلی آ رہی تاریخ کی زندہ مثالیں ہیں۔ یہ درخت صرف وادیوں اور فارم میں پھل نہیں دیتے بلکہ یہ ریجن کی پہچان اور مشترکہ یادیں ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق نجرانی لوگوں کی زندگی طویل عرصے سے کھجور کے درختوں کے ساتھ جڑی ہوئی ہے جس سے وہ کھانا، سایہ اور چھت حاصل کرتے ہیں۔
وقت کے ساتھ ساتھ ان کے آباؤاجداد کی کہانیاں اور ضرب المثال ان درختوں سے وابستہ ہو گئی ہیں جو ایثار، سخاوت اور صبر کی علامت سمجھی جاتی ہیں۔
کھجور کے درخت اپنی پھلوں سے بڑھ کر ثقافتی اہمیت رکھتے ہیں جن کے تنوں کا استعمال چھتوں اور فرنیچر میں کیا جاتا ہے اور ان کے ریشے اور پتیاں ایسی مصنوعات بنانے میں استعمال ہوتے ہیں جو خود کفالت کو فروغ دیتی ہیں۔
معاشی اور زرعی طور پر نجران کے کھجور کے درخت اس ریجن کا دل سمجھے جاتے ہیں۔ یہاں پانچ لاکھ سے زائد درخت سالانہ 40 ہزار ٹن سے زائد اعلیٰ کھجور پیدا کرتے ہیں۔
نجران کے کسانوں نے منفرد طریقہ کاشت اختیار کیا ہوا ہے جیسے کھجور کے درختوں کے ساتھ کافی کے درخت لگانا، جس کی وجہ سے کھجور کے اونچے درخت کافی کی جھاڑیوں کو سایہ فراہم کرتے ہیں جس سے پائیدار اور مربوط زرعی نظام پیدا ہوتا ہے۔
