Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طلبہ نے فزکس اولمپیاڈ میں پانچ بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کیے

اولمپیاڈ میں 87 ملکوں کی نمائندگی کرنے والے 381 طلبہ نے شرکت کی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی طلبہ کی ٹیم نے انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ 2026 میں پانچ بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق فزکس اولمپیاڈ 4 سے 12 جولائی تک کولمبیا میں منعقد ہوئے، جس میں 87 ملکوں کی نمائندگی کرنے والے 381 طلبہ نے شرکت کی۔
اولمپیاڈ میں الشرقیہ جنرل ڈائریکٹیوریٹ آف ایجوکیشن کے عبدالرحمن العرفج نے سلور، الشرقیہ کے محمد محمود الرمل، الاحسا کے رضا سالم الخمیس اور ریاض کے حسین حبیب نے براونز میڈل جیتے، جبکہ ریاض جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ناصر ھشام الشائع نے تعریفی سند حاصل کی۔
ان طلبہ کا انتخاب، موھبہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ پروگرام کے ذریعے کنگ عبدالعزیز اینڈ ہز کمپینینز فاؤنڈیشن فار گفٹڈ اینڈ کری ایٹیویٹی (موھبہ) اور وزارت تعلیم کی شراکت داری سے کیا گیا تھا۔
اولمپیاڈ میں حصہ لینے والے طلبہ سال بھر تربیتی مراحل سے گزرتے ہیں، جن میں مقامی اور بین الاقوامی تربیتی کیمپوں کے ساتھ تھیوری اور عملی تیاری کے متعدد مراحل شامل ہیں تاکہ انٹرنیشنل ایونٹس کے لیے اپنی تیاری کو بڑھایا جا سکے۔
انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں مملکت نے اب تک 57 اعزازات اپنے نام کیے ہیں، ان میں 8 سلور، 26 براونز میڈل جبکہ 23 تعریفی اسناد شامل ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی عرب نے دنیا کے دو معتبر ترین سائنسی مقابلوں انٹرنیشنل بیالوجی اور میتھمیٹکس اولمپیاڈ میں شرکت کے لیے سعودی طلبہ کی ٹیمیں بھیجی ہیں، جو انٹرنیشنل ایجوکیشنل اولمپیاڈ میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
 سعودی طلبہ ٹیم لیتھوانیا میں ہونے والے انٹرنیشنل بیالوجی اولمپیاڈ اور چین کے شہر شنگھائی میں انٹرنیشنل میتھمیٹکس اولمپیاڈ میں شرکت کرے گی۔

 

 

شیئر: