السعودیہ کی نئی منزل، ٹوکیو کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کا اعلان
نئی منزل کے لیے پروازوں کا آغاز 17 نومبر سے کیا جائے گا۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ نے ایئر کنیکٹیویٹی پروگرام اور سعودی ٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے اپنے نیٹ ورک میں توسیع کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق السعودیہ نے ٹوکیو کو ایک نئی بین الاقوامی منزل کے طور پر شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس نئی منزل کے لیے پروازوں کا آغاز 17 نومبر 2026 سے کیا جائے گا۔ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہفتے میں تین پروازیں چلائی جائیں گی۔
السعودیہ کے ڈیجیٹل چینلز اور مجاز سیلز آوٹ لیٹس کے ذریعے ان پروازوں کے لیے بکنگ کرائی جا سکتی ہے۔
ریاض اور ٹوکیو کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے سعودی عرب اور جاپان کے درمیان سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
قومی فضائی کمپنی اس وقت چار براعظموں کے 100 سے زیادہ مقامات کے لیے سفری سہولتیں فراہم کرتی ہے۔
السعودیہ کے بیڑے میں 153 طیارے ہیں جبکہ آنے والے برسوں میں مزید 112 نئے طیارے شامل کیے جائیں گے۔
اس سے عالمی سطح پر اس کی مسابقتی پوزیشن مضبوط ہوگی جو قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس حکمتِ عملی کے تحت سعودی ایوی ایشن سٹریٹیجی کے اہداف کے مطابق ہے۔
مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی فضائی کمپنی اپنے طیاروں کو سیاحتی مہم سے بھی ہم آہنگ کر رہی ہے۔
