سعودی فضائی کمپنی السعودیہ وقت کی پابندی کی رینکنگ میں بدستور سرفہرست
اتوار 12 جولائی 2026 19:05
13 ہزار 350 پروازوں میں بر وقت آمد کی شرح 92.38 فیصد رہی ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
السعودیہ گروپ نے آپریشنل سسٹم کی کارکردگی میں ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے، قومی فضائی کمپنی السعودیہ عالمی سطح پر وقت کی پابندی کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر رہی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت کی نجی فضائی کمپنی ’فلائی اے ڈیل‘ مشرق وسطی اور افریقہ میں سرفہرست رہی ہے۔
ایئر لائن کارکردگی کی نگرانی اور تجزیہ کرنے والے عالمی پلیٹ فارم ’سیریم‘ کی جون 2026 کی رپورٹ میں میں کہا گیا ’السعودیہ دنیا کی سب سے زیادہ وقت کی پابندی کرنے والی فضائی کمپنی ہے، جبکہ فلائی اے ڈیل نے مشرق وسطی اور افریقہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔‘
السعودیہ کا کہنا ہے ’یہ کامیاابی سال کے مصروف ترین آپریشنل مہینوں میں سے ایک کے دوران سامنے آئی، جون میں موسم گرما کی تعطیلات کے آغاز کے ساتھ حج سیزن کے اختتام پر حجاج اپنے ملکوں کو واپس جا رہے تھے۔‘
رپورٹ کے مطابق جون کے دوران السعودیہ کی 13 ہزار 350 پروازوں میں بر وقت آمد کی شرح 92.38 فیصد جبکہ وقتِ مقررہ پر روانگی کی شرح 93.02 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
فلائی اے ڈیل نے اسی مدت میں 5 ہزار 150 پروازیں آپریٹ کیں، جس میں 95.42 فیصد پروازیں وقتِ مقررہ پر منزل پر پہنچیں، جبکہ بروقت پروازوں کی روانگی کی شرح 96.63 فیصد رہی۔

السعودیہ گروپ کے مطابق یہ کامیابی مربوط آپریشنل نظام، مختلف شعبوں کے درمیان موثر ہم آہنگی اور گروپ کے ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا نتیجہ ہے، جس کی بدولت غیر معمولی آپریشنل دباو کے باوجود پروازوں کے شیڈول پر عمل درآمد برقرار رکھا گیا۔
گروپ کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر ابراہیم عبدالرحمان نے کہا ’آپریشنل کارکردگی میں مسلسل بہتری گروپ کے ملازمین کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے مراحل میں کی جانے والی کوششوں کی عکاس ہے، خصوصا ایسے وقت میں جب مختلف سیزنز ایک ساتھ جاری ہوں اور ایوی ایشن سیکٹر کو متعدد چیلنجز درپیش ہوں۔
