السعودیہ وقت کی پابندی کی رینکنگ میں تمام ایئر لائنز سے آگے
مئی کے دوران بروقت روانگی کی شرح 92.30 فیصد ریکارڈ کی گئی ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی نے ’السعودیہ‘ نے مئی 2026 کے دوران پروازوں کی آمد اور روانگی دونوں کے لیے دنیا بھر کی ایئر لائنز میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے۔
یہ اس سال مملکت کی قومی فضائی کمپنی کو دیے جانے والا دوسرا بڑا آپریشنل اعزاز ہے۔
ایس پی اے کے مطابق فضائی کمپنیوں اور ایئر پورٹس کی کارکردگی اور آپریشنز کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے ’سیریم‘ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے۔
السعودیہ نے مئی کے دوران بروقت روانگی کی 92.30 فیصد اور بروقت آمد کی 90.12 فیصد شرح ریکارڈ کی ہے۔
یہ اعداد وشمار چار براعظموں میں 100 سے زائد مقامات کے نیٹ ورک پر 13 ہزار 600 سے زائد پروازوں کے آپریشن کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔
یہ کامیابی سال کے مصروف ترین آپریشنل ادوار میں سے ایک کے دوران حاصل ہوئی ہے جبکہ حج سیزن 2026 کے موقع پر مختلف ملکوں سے حجاج کی آمد اور عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران مصروف ترین آپریشن جاری تھا۔

السعودیہ نے اس پورے عرصے کے دوران اعلی ترین معیار اور کارکردگی کے مطابق شیڈول پروازوں کا آپریشن جاری رکھا ہے۔
وقت کی پابندی کے حوالے سے دنیا بھر میں سرفہرست دس ایئر لائنز میں السعودیہ کے بعد، ایرو میکسیکو، قطر ایئر ویز، ترکش ایئرلائنز، ڈیلٹا ایئر لائنز اور دیگر شامل ہیں۔
