عازمینِ حج وعمرہ زائرین کی بہتر خدمت کے لیے مکہ میں ورکشاپ منعقد
جمعہ 17 جولائی 2026 19:54
عازمین و زائرین کے سفری مراحل کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا (فوٹو:ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی کی جانب سے ’عازمین حج وعمرہ زائرین کے سفری مراحل‘ کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد زائرین کے سفری مراحل کی منصوبہ بندی اور بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ورکشاپ کا انعقاد ’خدمت ضیوف الرحمن‘ پروگرام کے تحت کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
منعقدہ ورکشاپ میں مختلف ممالک سے آنے والے عازمینِ حج اور عمرہ زائرین کے سفری مراحل کو مزید موثر اور مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ میں ان کی آمد و رفت کے امور کو آسان بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
ورکشاپ کے شرکاء نے عازم حج و زائرین کے سفری مراحل کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا اور خدمات کے معیار، درپیش چیلنجز اور ترقی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
شرکاء نے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے، جدید طریقے وضع کرنے، سابقہ تجربات کے تبادلے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ضیوف الرحمن کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بلند کرنے پر زور دیا۔
مکہ مکرمہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ یہ ورکشاپ خدمات کے نظام کو مسلسل بہتر بنانے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر ہم آہنگی اور اشتراکِ عمل کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ ایسے عملی نتائج حاصل کیے جاسکیں جو عازمین حج اور عمرہ زائرین کے سفری مراحل کو بہتر اور آرام دہ بنانے میں معاون ثابت ہوں۔
