’مدینہ بس‘ عازمین حج اور زائرین کے لیے شٹل سروس
یہ روٹس ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر کر رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم نے ’مدینہ بس‘ پروجیکٹ کے ذریعے حج 1447 ہجری کے دوران اپنی شٹل سروس کو مزید بہتر بنایا ہے جس کا مقصد عازمین حج اور زائرین کے لیے اہم مقامات، رہائشی علاقوں اور مذہبی مقامات پر آنے جانے کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ اقدام حج سیزن کے دوران مرکزی علاقے اور تاریخی مساجد کے اردگرد بے پناہ رش سے نمٹنے کے لیے مدد دیتا ہے۔
اس منصوبے کے تحت 177 بسوں کا فِلیٹ 15 اہم روٹس پر چلایا جا رہا ہے جبکہ مختلف محلوں اور اہم مقامات پر 455 پرائمری اور سیکنڈری بس سٹاپ بنائے گئے ہیں۔
بسوں کا یہ نیٹ ورک مدینہ بھر میں کنیکٹیویٹی فراہم کرتا ہے اور مذہبی مقامات پر جانے کے لیے عازمین اور زائرین کو سہولت دیتا ہے۔
بسوں کے رُوٹ کئی علاقوں اور اہم مراکز کو مسجد نبوی سے جوڑتے ہیں۔ اس میں پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مرکزی ایریا سے جوڑنے والا روٹ جبکہ حرمین ہائی سپیڈ ریلوے سٹیشن کو میقات ذوالحلیفہ سے جوڑنے والا روٹ بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ بسیں 24 گھنٹے عازمین کو مسجد نبوی اور مسجد قبا سے لے کر آنے جانے کے لیے موجود ہیں جس سے حج کے سیزن کے دوران نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہو رہی ہے۔
یہ روٹس ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر کر رہے ہیں اور سینٹرل ایریا کے اردگرد سڑکوں پر رش کم کر رہے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے اس نظام نے نجی گاڑیوں پر انحصار کم کر دیا ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کے دھویں سے ہونے والی ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئی ہے اور یہ اقدام ماحولیاتی پائیداری اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
