Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ حی جمیل میں فنون و ثقافتی پروگراموں سے رونقیں دوبالا

پروگرام کا آغاز عوامی آرٹ کے ایک فن پارے کی نمائش سے کیا گیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
حی جمیل جدہ نے جون کے مہینے میں بصری فنون، تخلیقی ورکشاپس، سنیما اور مختلف کمیونٹی انیشیٹیوز جیسے ایک پروگرام کے ذریعے اپنی ثقافتی حیثیت کو مزید بہتر بنایا اور مختلف ایونٹس پیش کیے جنھوں نے شرکا کے ثقافتی اور تعلیمی تجربات کی افادیت میں اضافہ کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حی جمیل جدہ میں فنوں کا ایک کمپلیکس اور تخلیقی مرکز ہے جس کا افتتاح ایک خود مختار تنظیم ’آرٹ جمیل‘ نے سنہ 2021 میں کیا تھا۔عربی زبان ’حی‘ کا مطلب کسی محدود علاقے میں رہنے والے ایسے افراد ہیں جو ایک دوسرے کے پڑوسی ہوں۔ یہیں سے اس تنظیم کے کمیونٹیوں کی میزبانی کرنے اور مل جل کر کام کرنے اور اسے فروغ دینے کے تصور کا سراغ ملتا ہے۔
حی جمیل کمپلیکس17 ہزار سکوائر میٹر پر محیط ہے جو متعدد مختلف شعبوں پر مشتمل ہے جہاں، تعلیم، فنون، نمائشوں، آرٹ شوز اور دیگر ثقافتی اور تخلیقی موضوعات پر مکالمے اور ورکشاپس منعقد کی جاتی ہیں جن سے تخلیق کاروں اور عام افراد کے درمیان رابطوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جون کے مہینے میں ہونے والے پروگرام کا آغاز حی جمیل کمپلیکس کے سامنے والے حصے پر نصب عوامی آرٹ کے ایک فن پارے کی نمائش سے کیا گیا۔ اِس فن پارے کی تخلیق کا محرک جدہ کی گلیوں میں جگہ جگہ نظر آنے والی روایتی چھتریاں تھیں۔ اس ایونٹ کے ساتھ ورکشاپس اور مکالمے کے کئی سیشن بھی ہوئے جن میں نقاب کشائی کے بعد نظر آنے والے عوامی آرٹ کے نمونے کی فنی اور ثقافتی اہمیت کا جائزہ لیا گیا۔

دستکاری کے میدان میں ’حی میکرز‘ نے برتن سازی اور لکڑی کے کام سے متعلق خصوصی تربیتی کورسز کا انتظام کیا جبکہ جمیل لائبریری نے اِس موقع پر تقابلی ادب، فلسطینی کشیدہ کاری اور تخلیقی طرزِ تحریر پر ورکشاپس کی میزبانی کی۔
حی ساونڈز‘ نے بھی اپنے ڈرمنگ سیشنز کے پروگرام کا افتتاح کیا جس میں شرکا کو مشترکہ فنی تجربہ پیش کیا گیا جس سے کمیونٹی کی شمولیت بڑھتی ہے اور تخلیقی اظہار نمُو پاتا ہے۔
دریں اثنا حی سنیما نے بھی اپنا پروگرام جاری رکھا جس میں خصوصی احتیاط کے ساتھ منتخب کردہ عرب اور عالمی فلموں کی نمائش کی گئی جن کا مرکزی خیال شناخت، یادداشت اور انسانی تعلقات جیسے موضوعات کے گِرد گھومتا ہے۔

 

شیئر: