زرعی سیاحت: طائف میں پھلوں کے باغات، جہاں آپ خود تازہ پھل توڑ سکتے ہیں
اتوار 19 جولائی 2026 0:06
تعطیلات کے دوران سیاحوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
موسمِ گرما کی آمد کے ساتھ ہی طائف کمشنری ایک متحرک زرعی مقام میں تبدیل ہو گیا ہے جہاں بھر پور کاشتکاری کا ورثہ اور قدرتی خوبصورتی یکجا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سازگار آب و ہوا، پہاڑی علاقے اور زرخیز مٹی کے باعث طائف اعلی معیار کے سیزنل پھلوں کی پیداوار کے لیے نمایاں ہے، جس نے اسے فطرت سے محبت کرنے والوں اور دیہی علاقوں کے مستند تجربات کی تلاش میں آنے والوں کے لیے پسندیدہ مقام بنا دیا ہے۔
ان دنوں طائف کمشنری کی وادیاں جن میں شفا، الھدی، وادی محرم، وادی لیہ، البنی اوروادی الاعمق شامل ہیں کے باغات میں درخت پھلوں سے لدے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
ان پھلوں میں خوبانی، آڑو، انار، انگور، شہتوت اور برشومی (کانٹے دار پھل) کی بہار آئی ہوئی ہے۔ یہ مناظر باغات کی سیر کرنے اور براہ راست درختوں سے تازہ پھل توڑنے کے خواہشمند افراد کے لیے کشش رکھتے ہیں، انہیں طائف میں روایتی کاشتکاری کے طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔

ٹورگائیڈ احمد الجعید نے بتایا ’پھلوں کا سیزن اب طائف میں سیاحتی سرگرمیوں کے حوالے سے اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں ارہا ہے۔‘

دیہی سیاحت کے اس رجحان نے طائف کی سیاحتی سرگرمیوں میں تنوع پیدا کیا ہے، اس کے ساتھ مقامی کسانوں اور گھریلو صنعتوں سے وابستہ خاندانوں کی مدد اور مقامی مارکیٹ کو فروغ دیا ہے۔ زرعی فارمز اور دیہی لاجز میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
