گولز کی برسات: انگلینڈ نے فرانس کی تاریخی واپسی کی کوشش ناکام بنا کر ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی
گولز کی برسات: انگلینڈ نے فرانس کی تاریخی واپسی کی کوشش ناکام بنا کر ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی
اتوار 19 جولائی 2026 6:22
سنہ 1966 میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد یہ انگلینڈ کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک سنسنی خیز اور تاریخی مقابلے میں انگلینڈ نے فرانس کو 4-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
روئٹرز کے مطابق سنہ 1966 میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد یہ انگلینڈ کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔
میامی میں کھیلے گئے اس اعصاب شکن میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا جہاں دفاعی لائنز بالکل بے بس نظر آئیں۔
فرانس نے پہلے ہاف میں 0-4 کے خسارے میں جانے کے بعد دوسرے ہاف میں شاندار واپسی کی لیکن وہ انگلینڈ کو فتح سے نہ روک سکے۔
فرانس کے سٹار کھلاڑی کلیان ایمباپے نے دو گول کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔
میچ کا پہلا ہاف مکمل طور پر انگلینڈ کے نام رہا۔ ڈیکلان رائس نے تیسرے ہی منٹ میں گول کر کے انگلینڈ کو برتری دلائی جس کے بعد 18ویں منٹ میں ایزری کونسا نے ہیڈر کے ذریعے سکور 0-2 کر دیا۔
انگلینڈ کے جارحانہ کھیل کا سلسلہ یہیں نہیں رکا اور بوکایو ساکا نے 37ویں اور 46ویں منٹ میں دو شاندار گول داغ کر پہلے ہاف کے اختتام تک انگلینڈ کو 0-4 کی مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔
دوسرے ہاف میں فرانسیسی کوچ ڈیڈیئر ڈیشامپس نے دفاع میں تبدیلیاں کیں جس کے بعد میچ کا نقشہ ہی بدل گیا۔
کلیان ایمباپے نے 49ویں منٹ میں پہلا اور 66ویں منٹ میں دوسرا گول کیا۔ اس دوران بارکولا نے بھی ایک گول داغ کر مقابلہ 3-4 کر دیا۔
جب میچ سسپنس کے آخری مراحل میں داخل ہوا تو 87ویں منٹ میں بوکایو ساکا نے پنالٹی پر گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور سکور 3-5 کر دیا۔
فرانس نے پہلے ہاف میں 0-4 کے خسارے میں جانے کے بعد دوسرے ہاف میں شاندار واپسی کی لیکن وہ انگلینڈ کو فتح سے نہ روک سکے (فائل فوٹو: روئٹرز)
فرانس کے عثمان ڈیمبیلے نے ایک اور گول کر کے امید جگائی لیکن میچ کے آخری لمحات میں جوڈ بیلنگھم نے میچ کا دسواں گول کر کے انگلینڈ کی فتح پر مہر لگا دی۔
یہ بیلنگھم کا ٹورنامنٹ میں ساتواں گول تھا جو کسی بھی انگلش کھلاڑی کا ایک ورلڈ کپ میں سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔
انگلینڈ کے مینیجر تھامس ٹوخل نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ’ہمارا پہلا ہاف شاندار لیکن دوسرا ہاف کافی ہنگامہ خیز رہا۔ کھلاڑی پچھلے چند ہفتوں کی تھکن سے چور ہیں، لیکن انہوں نے ثابت کیا کہ یہ ٹیم بہت خاص ہے۔‘
دوسری جانب فرانسیسی کوچ ڈیڈیئر ڈیشامپس کا اپنے عہدے پر یہ آخری میچ تھا۔
کلیان ایمباپے نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’پہلے ہاف میں ہم بالکل سن ہو چکے تھے لیکن دوسرے ہاف میں ہم نے حریف کو ٹکر دی۔ ہم کوچ کی جیت کے ساتھ الوداعی رخصتی چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہو سکا۔‘
اس میچ کے ساتھ ہی ایمباپے کے ورلڈ کپ کیریئر کے مجموعی گولز کی تعداد 22 ہو گئی ہے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔