Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیکٹ چیک: کیا کرسٹیانو رونالڈو نے 2030 میں پرتگال میں ہونے والا ورلڈ کپ کھیلنے کی تصدیق کی ہے؟

رتگال کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بظاہر اپنا آخری فیفا ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
41 سالہ پرتگال کے سپر سٹار کرسٹیانو رونالڈو بظاہر اپنا آخری فیفا ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں، جس کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداح جذباتی دکھائی دے رہے ہیں۔
اگرچہ کروڑوں شائقین کا خیال ہے کہ رونالڈو 2030 ورلڈ کپ میں بھی میدان میں واپس آ سکتے ہیں، تاہم خود رونالڈو نے اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا۔
اسی دوران سوشل میڈیا پر رونالڈو سے منسوب ایک مبینہ بیان گردش کرنے لگا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ  کرسٹیانو رونالڈو 2030 ورلڈ کپ میں شرکت پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں کیونکہ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی پرتگال بھی کرے گا۔

کیا رونالڈو نے 2030 ورلڈ کپ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے؟

مختصر جواب ’نہیں‘ ہے۔ واضح رہے کہ پرتگال کے لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا کہ وہ صرف اس وجہ سے 2030 ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں کہ اس کی میزبانی پرتگال کرے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک فین پیج نے ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں لکھا گیا کہ ’کرسٹیانو رونالڈو سنجیدگی سے 2030 ورلڈ کپ میں شرکت پر غور کر رہے ہیں کیونکہ یہ پرتگال میں ہوگا اور اسے جیتنے کے امکانات بھی زیادہ ہوں گے۔‘

تاہم یہ دعویٰ بے بنیاد معلوم ہوتا ہے، کیونکہ کسی معتبر صحافی، اندرونی ذریعے یا قابلِ اعتماد رپورٹ میں اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ رونالڈو 2030 میں دوبارہ ورلڈ کپ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ سامنے آنے کے بعد فٹ بال شائقین، خصوصاً رونالڈو کے مداحوں کے درمیان شدید بحث چھڑ گئی۔
ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’یہ سب لیونل میسی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ اگر وہ 2022 کا ورلڈ کپ نہ جیتتے تو رونالڈو بہت پہلے ریٹائر ہو چکے ہوتے۔‘
 ایک اور صارف نے لکھا، ’رونالڈو کو کسی ماہرِ نفسیات کی ضرورت ہے جو انہیں ان کی عمر کا احساس دلائے اور زندگی کے اگلے مرحلے، کاروبار اور دیگر سرگرمیوں پر توجہ دینے کا مشورہ دے۔‘
جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے  کہ ’وہ اپنے عروج کے دور میں بھی ورلڈ کپ نہیں جیت سکے۔ اب جب ہالینڈ اور ایمباپے جیسے کھلاڑی عالمی فٹبال پر چھائے ہوئے ہیں تو وہ کیوں سمجھتے ہیں کہ اب جیت سکیں گے؟‘
جبکہ ایک مداح نے لکھا’آپ لوگ چاہتے ہیں کہ ورلڈ کپ کی خاطر رونالڈو ہی مر جائیں۔ براہِ کرم اس بزرگ کھلاڑی کو آرام کرنے دیں۔‘
 رونالڈو کے ایک اور مداح نے لکھا ہے، ’انہیں اپنے لیے بہتر فیصلہ کرنا چاہیے اور اب رک جانا چاہیے۔‘
تاہم ان تمام قیاس آرائیوں کے باوجود کرسٹیانو رونالڈو نے ان افواہوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور وہ اس وقت اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔
رونالڈو پہلے ہی اپنے آخری ورلڈ کپ کا اعلان کر چکے ہیں۔

چند روز قبل کرسٹیانو رونالڈو نے واضح طور پر کہا تھا کہ ’ یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ میں اس سے بھرپور لطف اٹھاؤں گا۔‘(فوٹو:اے ایف پی)

چند روز قبل پرتگال کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے واضح طور پر کہا تھا کہ ’جی ہاں، یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ میں اس سے بھرپور لطف اٹھاؤں گا۔‘
رونالڈو کی بہن نے بھی ایک انٹرویو میں ان کے مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جب تک وہ کھیل رہے ہیں، اس لمحے سے لطف اٹھائیں۔‘
انہوں نے مزید کہا’وہ آج قومی ٹیم کو الوداع نہیں کہہ رہے، لیکن وہ وقت اب زیادہ دور نہیں۔ میرا یقین ہے کہ یہ ان کا آخری سفر ہے۔ایسے کھلاڑی بار بار پیدا نہیں ہوتے۔‘ 
’ہزار گول کرنے کے بعد بھی یہ ایک غیر معمولی کارنامہ ہوگا، لیکن میں قومی ٹیم کی بات کر رہی ہوں۔ ایک قابلِ اعتماد ذریعے سے مجھے جو معلومات ملی ہیں، ان کے مطابق یہ ان کا آخری ڈانس ہے۔‘
واضح رہے کہ اب تک نہ کرسٹیانو رونالڈو اور نہ ہی ان کے نمائندوں کی جانب سے ایسا کوئی بیان سامنے آیا ہے، جس سے یہ ثابت ہو کہ وہ 2030 ورلڈ کپ میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
تاہم یہ دعویٰ بے بنیاد معلوم ہوتا ہے، کیونکہ کسی بھی معتبر یا اندرونی ذریعے نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ کرسٹیانو رونالڈو 2030 ورلڈ کپ کھیلنے پر غور کر رہے ہیں۔

شیئر: