Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اُردن نے ‘عقبہ‘ کی جانب فائر کیے گئے ایرانی میزائل کو تباہ کردیا

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ’اتوار کو اسرائیل اور اُردن کی افواج نے ایران کی جانب سے اُردنی شہر ’عقبہ‘ کی جانب داغے گئے ایک میزائل کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔‘ 
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب اُردن نے ان خبروں کی تردید کی کہ اُس نے کسی ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر ’عقبہ‘ کے ایئرپورٹ اور بندرگاہ کو خالی کرا لیا ہے۔
اے ایف پی کی جانب سے اسرائیلی شہر ’ایلات‘ کے قریب دھماکوں کی اطلاعات کے بارے میں پوچھے جانے پر ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ’اسرائیل اور اُردن دونوں کی افواج نے ایک میزائل کو نشانہ بنایا۔‘
اس سے چند منٹ قبل اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اُس نے ایران کی جانب سے ’عقبہ‘ کی سَمت داغے گئے میزائلوں کا پتا لگایا ہے اور خبردار کیا تھا کہ ان کا ملبہ اسرائیلی علاقے میں بھی گر سکتا ہے۔
دوسری جانب اُردنی فوج نے بتایا کہ اُس نے ایران کی جانب سے اُردن کے علاقے کی جانب داغے گئے تین میزائل تباہ کر دیے، جبکہ چوتھا میزائل ایک ویران علاقے میں جا گرا، تاہم اُس جگہ کی نشان دہی نہیں کی گئی۔
حملے کے خطرے کو دیکھتے ہوئے اُردن کے دارالحکومت عمان اور مملکت کے دیگر علاقوں میں بھی فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے۔
تاہم اس سے قبل اُردن کی حکومت نے ان خبروں کی تردید کی تھی کہ حکام نے کسی خطرے کے پیش نظر ’عقبہ‘ کے ایئرپورٹ اور بندرگاہ کو خالی کرا لیا ہے۔
اس سے قبل امریکی سفارت خانے نے یہ بیان جاری کیا تھا کہ ایک ’ممکنہ خطرے‘ کے پیشِ نظر ’عقبہ‘ کے ہوائی اڈے اور بندرگاہ کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
اُردن کی حکومت کے ترجمان محمد المومنی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’حکام نے عقبہ ایئرپورٹ یا بندرگاہ کو خالی کرانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، دونوں معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں، اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔‘
انہوں نے اس دعوے کو مسترد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ متعلقہ اردنی اداروں نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران کسی ممکنہ خطرے کی نشان دہی نہیں کی۔
امریکہ کے سفارت خانے کا بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکی فوج نے اعلان کیا کہ جمعے کو ایرانی حملوں کے دوران اُردن میں اس کے دو فوجی ہلاک جبکہ ایک لاپتا ہو گیا۔
واضح رہے کہ یہ رواں ماہ ایران کے ساتھ دوبارہ شروع ہونے والی جھڑپوں کے دوران امریکی افواج کی پہلی ہلاکتیں ہیں۔
اُردن نے حالیہ دنوں میں متعدد بار یہ اعلان کیا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کو ناکام بنایا ہے۔
 

شیئر: