سعودی طلبہ نے انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں چار ایوارڈ جیت لیے
اتوار 19 جولائی 2026 18:28
اولمپیاڈ میں 92 ملکوں کے 363 طلبہ نے اپنے ملکوں کی نمائندگی کی۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی طلبہ کی ٹیم نے تاشقند میں ہونے والے انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں چار ایوارڈ حاصل کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق کیمسٹری اولمپیاڈ کے 58 ویں ایڈیشن میں 92 ملکوں کے 363 طلبہ نے اپنے ملکوں کی نمائندگی کی۔
ریاض جنرل ایڈمنسٹریشن آف ایجوکیشن کے علی احمد با وزیر اور نجران جنرل ایڈمنسٹریشن آف ایجوکیشن کے علی سالم الیامی نے سلور میڈل اپنے نام کیے۔
مدینہ جنرل ایڈمنسٹریشن آف ایجوکیشن کے عبدالعزیز بدر الجعید اور الشرقیہ جنرل ایڈمنسٹریشن آف ایجوکیشن کے عبداللہ التاروتی نے براونز میڈل جیتے۔
سعودی عرب نے اب تک انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ میں 53 ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں، ان میں 17سلور اور 34 براونز میڈل جبکہ دو تعریفی اسناد شامل ہیں۔
سعودی طلبہ کا انتخاب، موھبہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ پروگرام کے ذریعے کنگ عبدالعزیز اینڈ ہز کمپینینز فاؤنڈیشن فار گفٹڈ اینڈ کری ایٹیویٹی (موھبہ) اور وزارت تعلیم کی شراکت داری سے کیا گیا تھا۔

اولمپیاڈ میں حصہ لینے والے طلبہ، ماہرین کی نگرانی میں تربیتی مراحل سے گزرتے ہیں، مقامی اور بین الاقوامی تربیتی کیمپوں کے ساتھ تھیوری اور عملی تیاری کے متعدد مراحل شامل ہیں تاکہ انٹرنیشنل ایونٹس کے لیے تیاری کو بڑھایا جا سکے۔
انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیاڈ، کیمسٹری کے شعبے میں سب سے نمایاں علمی سائنسی مقابلوں میں سے ایک ہے۔ یہ سائنسی تعاون کو فروغ دینے، تجربات کے تبادلے، توانائی میں جدید حل اور صحت کے شعبے میں کمیسٹری کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے دنیا کے مختلف ملکوں سے ہونہار طلبہ کے ایک منتخب گروپ کا اکھٹا کرتا ہے۔
