Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2026: فائنل میچ کے مہمان خصوصی صدر ٹرمپ ’توجہ کا مرکز‘

ورلڈ کپ فائنل سیاسی سفارت کاری کے لیے بھی اہم موقع تصور کیا جا رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اتوار کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں خصوصی شرکت کریں گے، جہاں وہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے ہمراہ فاتح ٹیم کو ورلڈ کپ ٹرافی پیش کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق نیو جرسی میں شیڈول فائنل میں سپین اور ارجنٹائن کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ ڈونلڈ ٹرمپ بطور صدر، ورلڈ کپ کا کوئی میچ سٹیڈیم میں جا کر دیکھیں گے۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کو نیویارک میں فیفا کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2026 کو دنیا کی تاریخ کا کامیاب ترین کھیلوں کا ایونٹ قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اس ٹورنامنٹ نے امریکہ میں فٹبال کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ دنیا کی تاریخ کا شاید سب سے کامیاب سپورٹس ایونٹ ہے، اور اب امریکہ بھی ایک فٹبال ملک بن چکا ہے۔‘ صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ ان کے بیٹے بیرن ٹرمپ فٹبال کے بڑے مداح ہیں۔
تاہم صدر ٹرمپ کی ورلڈ کپ میں دلچسپی تنازعات سے بھی خالی نہیں رہی۔ رپورٹس کے مطابق رواں ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے مبینہ طور پر فیفا صدر جیانی انفانٹینو سے رابطہ کر کے امریکی فارورڈ فولارن بالوگن کا ریڈ کارڈ معطل کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ وہ بیلجیئم کے خلاف پری کوارٹر فائنل کھیل سکیں۔ اس اقدام پر کھیل میں سیاسی مداخلت اور شفافیت سے متعلق سوالات بھی اٹھائے گئے تھے۔
ورلڈ کپ فائنل سیاسی سفارت کاری کے لیے بھی اہم موقع تصور کیا جا رہا ہے۔ ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز، سپین کے شاہی خاندان کے ارکان، کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی اور میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام بھی فائنل دیکھنے سٹیڈیم پہنچیں گے۔

نیو جرسی میں کھیلے جانے والے فائنل میں سپین اور ارجنٹائن کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب امریکہ کے میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ تعلقات مختلف سیاسی اور تجارتی معاملات پر کشیدہ ہیں، جبکہ سپین کے ساتھ بھی حالیہ مہینوں میں نیٹو اخراجات اور ایران سے متعلق پالیسیوں پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔
صدر ٹرمپ کی آمد کے موقع پر سٹیڈیم اور اطراف میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ فضائی حدود میں عارضی نو فلائی زون بھی نافذ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال اسی سٹیڈیم میں ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے فاتح ٹیم چیلسی کو ٹرافی پیش کی تھی۔ اس موقع پر وہ ٹرافی دینے کے بعد بھی سٹیج پر موجود رہے تھے جس پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث دیکھنے میں آئی تھی۔

شیئر: