ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی کی پاکستان آمد، ’امید ہے اچھی خبر لے کر آئے ہیں‘
اسکندر مومنی وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلٰی سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ پاکستان کے وزیرداخلہ محسن نقوی نے نور خان ایئربیس پر اپنے ایرانی ہم منصب کا خیرمقدم کیا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی اس موقعے پر موجود تھے۔
اس موقعے پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’امید کرتے ہیں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اچھی خبر لے کر آئے ہیں۔ ہمیں علاقائی صورت حال پر پیش رفت کی توقع ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم سکندر مومنی کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، ان کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا۔‘
اسکندر مومنیکا کہنا تھا کہ ’میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کا ہمیشہ معترف رہا ہوں۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات فقیدالمثال ہیں۔‘
اپنے دورے کے حوالے سے انہوں ںے مزید بتایا کہ ’وہ پاکستانی حکام سے خطے کی موجودہ صورتِ حال پر بھی بات چیت کریں گے۔‘
ایرانی وزیر داخلہ کے ہمراہ اعلٰی سطح کے وفد میں گورنر جنرل سیستان بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈویلپمنٹ ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلٰی حکام شامل ہیں۔
ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے رواں برس مئی میں ایران کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ایران کے صدر، وزیر داخلہ اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔
ان کا یہ دورہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تنازعے اور آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی سے پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ تھا۔
