آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کا مختصر مگر انتہائی مفید دورہ مکمل کر لیا: آئی ایس پی آر
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کا ایک مختصر مگر انتہائی مفید سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے۔
سنیچر کو جاری اعلامیے میں آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’اس دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں، جو خطے میں جاری کشیدگی کے پس منظر میں کشیدگی میں کمی اور تعمیری روابط کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ یہ کشیدگی 8 اپریل 2026 کی جنگ بندی کے بعد برقرار رہی ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ سکندر مومنی سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے اور ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے پر توجہ مرکوز رہی۔
یہ مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے اور امن کے عمل میں اہم پیش رفت ثابت ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی تفصیلی بات چیت کے نتیجے میں حتمی سمجھوتے کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایرانی قیادت نے خطے کے مسائل کے پرامن حل اور مکالمے کو فروغ دینے میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔