Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے: آئی ایس پی آر

گذشتہ دورے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت اہم شخصیات سے ملاقات کی تھی (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان نے اپنی سفارتی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں۔
افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر جمعے کو ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے۔‘
’ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے تہران انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پُرتپاک استقبال کیا۔ پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی اس موقعے پر موجود تھے۔’
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ تہران ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے اور اس دوران وہ ایران کی اعلٰی قیادت اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔‘
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ’آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں خطے میں قیامِ امن اور دیگر اہم اُمور پر بات چیت کریں گے۔‘
ثالثی کی انِ ہی کوششوں کے سلسلے میں آرمی چیف سے قبل پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک ہفتے کے دوران ایران کے دو دورے کیے ہیں اور اس وقت بھی وہ تہران میں موجود ہیں۔
جمعرات کو انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں علاقائی صورتِ حال کا جائزہ لیا اور امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے امکانات پر گفتگو کی۔
اس سے قبل پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 15 اپریل کو بھی تہران کا دورہ کیا تھا اور امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل پر بات چیت کی تھی۔
اُن کا دورۂ تہران ثالثی کی کوششوں کا حصہ تھا، پاکستانی وفد میں دیگر اعلٰی حکام کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔‘
اپنے اس دورے میں انہوں نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان، سپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت اہم ایرانی شخصیات سے ملاقات کی تھی۔
اپنے دورے کے دوران پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے ماتحت ’خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹرز‘ کا دورہ بھی کیا تھا۔

شیئر: